راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں فیصل آباد وولوز نے لاڑکانہ بلز کو 33 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ فیصل آباد وولوز نے پہلے کھیلتے ہوئے 121 رنز بنائے۔ خرم شہزاد 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ کپتان مصباح الحق 16 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔ محمد صدیق نے 3 ‘ امتیار علی نے 2 اور علی مدثر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ لاڑکانہ بلز کی ٹیم 88 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔ ایاز جمالی 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سعید اجمل نے 4‘ اسد علی اور احسان عادل نے دو دو جبکہ محمد طلحہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اسد علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ایبٹ آباد فالکنز نے بھی کراچی ڈولفنز کو 4وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ کراچی ڈولفنز نے 6 وکٹوں پر 129 رنز بنائے۔ حسن رضا نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنید خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ایبٹ آباد فالکنز نے ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ کپتان یونس خان نے 55 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ یونس خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوںسیمی فائنلز آج کھیلے جائیں گے۔
قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ: فیصل آباد وولوز لاڑکانہ بلز کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی
Feb 15, 2014