لاہور ( این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امن اور ملکی معیشت کی بحالی کی جنگ ہر صورت جیتیں گے، کسی کو پاکستان کا امن ہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیٹ سول میں سافٹ وئر انجینئرز کو سرٹیفکیٹس اور ایوارڈ دینے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے ایک دو دن نہیں بلکہ ایک عرصہ درکار ہے اور حکومت اس کیلئے سنجیدگی دکھا رہی ہے۔ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے حکومت دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، جدید انفراسٹرکچر اور معیشت کیلئے ملک میںامن کاقیام ضروری ہے جس کیلئے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ اگر مذاکرات کے ذریعے امن ہوتا ہے تو اچھا ہے ورنہ کم سے کم نقصان والے آپشن پر غور کیا جائیگا۔ ہمارے لئے طاقت کا آپشن استعمال کرنا مشکل نہیں لیکن حکومت ہر حال میں مذاکرات کی کامیابی کیلئے سنجیدگی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر مذاکرات ناکام بنانے کی سازش ہے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
ملکی امن اور معاشی بحالی کی جنگ ہر صورت جیتیں گے: احسن اقبال
Feb 15, 2014