امریکہ اتحادی سپورٹ فنڈ کی رقم جلد ادا کرے: اسحاق ڈار

Feb 15, 2014

اسلام آباد (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ)  وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ  پاکستان  نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت مالی نقصان اٹھایا،  امریکہ اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں  واجب الادا رقم جلد از جلد کلیئر کرے، 2014ء میں افغانستان سے اتحادی  افواج کے انخلاء کے تناظر میں صورتحال مزید حساس ہوگئی ہے، عالمی برادری کی طرف سے پاکستان کی معاونت ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو  امریکی کانگریس کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت معیشت، توانائی اور سکیورٹی کے تین  اہم شعبوں پر توجہ دے رہی ہے کیونکہ ان کا تعلق  علاقائی  امن و استحکام سے بھی ہے۔ پاکستان  نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت مالی نقصان اٹھایا ہے اور اس کی معیشت پر اربوں ڈالر کا بوجھ ہے۔ انسداد دہشت گردی مہم کی وجہ سے ہماری معیشت  دبائو کا شکار ہے۔ پاک فوج اور جمہوری حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک ہی صفحے پر ہیں۔ انہوں نے  توقع ظاہر کی کہ 2014ء کے بعد افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور عالمی برادری وہاں کی سماجی، معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ پاکستان کو امداد نہیں تجارت کی ضرورت ہے اور ہمیں امریکی منڈیوں میں وسیع رسائی درکار ہے۔ امریکی وفد نے  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ  پائیدار سٹرٹیجک تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ سیکرٹری خارجہ سے ملاقات میں وفد نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء کے تناظر میں پاکستان کی اہمیت اور زیادہ بڑھ گئی ہے، امریکہ پاکستان جیسے اتحادی ملک کو نظرانداز نہیں کر سکتا۔ 

مزیدخبریں