ویلنٹائن ڈے : لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاج، پشاور یونیورسٹی میں تصادم، 8 طلبہ زخمی

لاہور+ پشاور (خصوصی نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ نمائندگان+ نوائے وقت نیوز) ویلنٹائن ڈے کیخلاف گزشتہ روز لاہور، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ کئی دینی و سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے ویلنٹائن ڈے کو یوم محبت رسولؐ، یوم حیا اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی ڈے کے طور پر منایا گیا۔ ویلنٹائن ڈے منانے پر پشاور یونیورسٹی میں 2 طلبہ تنظیموں میں تصادم ہو گیا، ہاتھا پائی اور فائرنگ کے نتیجہ میں 8 طلبہ زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس کو طلب کرلیا گیا، مشتعل طلبہ نے پولیس پر پتھرائو کیا۔  ایک طلبہ تنظیم نے نیو بلاک بی کے ہوسٹل کے 4کمروں کو آگ لگا دی۔ ہاتھا پائی اور فائرنگ کے  نتیجہ میں 8 طلبا زخمی بھی ہو گئے۔ مشتعل طلبہ نے لڑکوں کا سامان ہاسٹل سے نکال کر سامان کو آگ بھی لگائی۔ پولیس نے مشتعل افراد کی گرفتاری کیلئے ہوسٹل میں چھاپے مارے۔ دونوں تنظیموں میں تصادم کے دوران جامعہ پشاور میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ پولیس نے 13 طلبہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اہلحدیث یوتھ فورس کے زیراہتمام شادباغ لاہور میں ویلنٹائن ڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ملک میں فحاشی و عریانی کے سدباب کیلئے حکومت سے مطالبہ کیا، منچلوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی، اس موقع پر حافظ ذاکرالرحمن صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت مسلمان قوم ویلنٹائن ڈے منانا حرام ہے اور غیر اسلامی اور غیر اخلاقی تہوار ہے۔ اور نہ ہی یہ ہمارا قومی تہوار ہے۔ اسلام ایسے تہواروں کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ حافظ عبیدالرحمن ایڈووکیٹ نے کہا کہ نئی نسل کو مغربی ثقافت کی طرف راغب کرنے والے اسلام دشمن قوتوں کے آلۂ کار ہیں۔ ویلنٹائن ڈے کی آڑ میں عزتوں کی نیلامی لمحہ فکریہ ہے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں بھی سنی تحریک خواتین ونگ کی جانب سے ویلنٹائن ڈے منائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،سنی تحریک کی جانب سے یوم حیاء منایا گیا،  شباب ملی کے کارکنان نے جناح گارڈن سے چوک گھنٹہ گھر تک ویلنٹائن ڈے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ ادھر سیٹلائٹ ٹائون راولپنڈی میں شیشہ کلب پر چھاپہ مارکر ویلنٹائن ڈے مناتے 60نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں حقوق اہلسنت محاذ کے زیراہتمام ملک بھر میں یوم محبت رسول منایا گیا، علماء نے جمعہ کے اجتماعات میں محبت رسول کے موضوع پر خطابات ادا کئے جبکہ عاشقان مصطفی نے جمعہ کے اجتماع میں محبت رسول زندہ آباد، ویلنٹائن شیطان مردہ باد کے نعرے لگائے۔ پیر شاہد حسین گردیزی، مفتی سید مصطفی رضوی، مفتی غلام حسن، مولانا محبت علی، مولانا سید اقبال شاہ، مولانا احمد دین اور دیگر نے مختلف مقامات پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جس نام نہاد محبت کو حرام قرار دیا ویلنٹائن شیطان نے اس محبت کو جائز قرار دیا جو اب بے غیرتی اور بے حیائی کا سب سے بڑا انٹرنیشنل تہوار بن گیا ہے۔ اس ویلنٹائن ڈے کو محبت کا نام دے کر قوم کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی میں ویلنٹائن ڈے کو حیاء ڈے کے طور پر منایا، یونیورسٹی میں مختلف طلباء میں شعور بیدار کرنے کیلئے فلیکسیں لگائی گئیں اور طلباء و طالبات میں 20 ہزا ر سے زائد پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔ یونیورسٹی کے زیرِاہتمام حیاء مارچ کیا گیا، حیاء مارچ لاء کالج سے شروع ہو ا جس میں سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔ حیاء مارچ ادارہ ماس کمیونیکیشن سے ہوتا ہوا سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ پہنچا۔ مقررین نے حکومت ِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ویلنٹائن ڈے پر پابندی لگائی جائے۔ یونیورسٹی میں لگائے جانے والے دستخطی بینرز پر ہزاروں طلباء نے دستخط کر کے ویلنٹائن ڈے کا بائیکاٹ کیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...