لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور کو دو سیشن ڈویژن میں تقسیم کرنے کیلئے جاری نوٹیفکیشن کوچیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے لاہوربارکے وکلا سے مزاکرات کے بعد موخرکر دیا۔ یہ بات لاہور بار کے صدر اشتیاق چودھری نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ عدلیہ نے مقدمات کی بھرمار اور عدالتوں میں بے پناہ رش کے باعث لاہور کو دوڈویژنوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ نیو لاہور اور لاہورسٹی کے نام پر دو سیشن ڈویژن بنائے گئے جس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے ایک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو ایوان عدل میں بٹھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا جس پر لاہور بار کے وکلاء نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے موخرکرنے کیلئے پندرہ فروری کا الٹی میٹم دیا۔ ایک روزقبل لاہوربارکی بنائی گئی کمیٹی ارکان نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور اسے لاہور بارکو دو ڈویژنوں میں تقسیم کرنے کی کوشش بھی قرار دیا۔ مذاکرات کے بعد گزشتہ روز لاہور کو دو ڈویژنوںمیں تقسیم کرنے کا معاملہ موخر کر دیاگیا۔ لاہوربارکے صدر چودھری اشتیاق کا کہناہے کہ یہ خوش آئند اقدام ہے اور چیف جسٹس نے ہمیشہ باراوربینچ کے درمیان اچھے تعلقات کوفروغ دینے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔