امریکی محکمہ خارجہ نے شاہ زیب کے ویزا کا مسئلہ حل کرنیکی یقین دہانی کرا دی

Feb 15, 2014

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) امریکی محکمہ خارجہ، ہسپتال انتظامیہ اور پاکستانی سفارتخانہ کی ٹیلی کانفرنس ہوئی جس میں امریکی محکمہ خارجہ نے زیرعلاج شاہ زیب کے ویزا کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ ہسپتال انتظامیہ نے کانفرنس میں شاہ زیب کی طبیعت کے بارے میں بریف کیا۔ شاہ زیب کے اہل خانہ کے خدشات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ شاہ زیب کے اہل خانہ  اسکا علاج امریکہ میں کرانا چاہتے ہیں۔ شاہ زیب کے بھائی شاہ ریز کا کہنا ہے کہ شکاگو میں پاکستانی قونصلیٹ نے کہا ہے آئندہ ہفتے تک ویزا مل جائیگا۔ ڈاکٹرز کا موقف ہے کہ ویزا ملنے کے بعد شاہ زیب کے اہل خانہ کو علاج کا خرچ برداشت کرنا پڑیگا۔ شاہ زیب کے علاج پر تین لاکھ ڈالرز کا خرچ آچکا ہے۔ اہل خانہ نے اب تک 85 ہزار ڈالرز جمع کئے ہیں۔ پاکستانی طالب علم شاہ زیب ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد امریکی ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ قبل ازیں امریکہ نے  پاکستانی طالب علم شاہ زیب کے ویزے میں توسیع  نہ کرنے کی میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ زیب کے قیام کا فیصلہ محکمہ خارجہ کے دائرہ کار میں نہیں آتا، یہ فیصلہ ہوم لینڈ سکیورٹی کریگی۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میری ہاروف نے   پریس بریفنگ کے دوران کہا شاہ زیب کے اہل خانہ، پاکستانی سفارتخانے اور ہسپتال سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ شاہ زیب کا یہاں بہترین علاج ہو رہا ہے۔ شاہ زیب کے اہل خانہ کو امریکہ لانے کیلئے ہرممکن تعاون کررہے ہیں۔ شاہ زیب کا ویزا 28 فروری کو ختم ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں