ورلڈ کپ :پہلے دونوں میچ میزبان نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے جیت لئے

Feb 15, 2015

کرائسٹ چرچ+میلبورن (نوائے وقت نیوز/  ایجنسیاں) آئی سی سی ورلڈ کپ کے پہلے دو میچوں میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کرلی۔ پہلا میچ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا جس میںمیزبان نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 98 رنز کے واضح مارجن سے شکست دیدی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز  بنائے۔ کوری اینڈرسن نے 75 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ کپتان برینڈن میک کلم 65 ، کین ولیمسن 57 اور مارٹن گپٹل 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میںسری لنکا کی پوری ٹیم 47  ویں اوور میں 233 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ لاہیرو تھریمانے 65 اور اینجلو میتھیوز 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ٹم سائودی، ٹرینٹ بولٹ، ایڈم ملن، ڈینیئل ویٹوری اور کوری اینڈرسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، کوری اینڈرسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اس میچ کا ٹاس سری لنکا نے جیتا تھا۔ دوسرا میچ میلبورن میں میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 111 رنز سے شکست دی۔ انگلینڈ کے سٹیون فن کی شاندار ہیٹ ٹرک کے باوجود  آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔ ایرون فنچ نے 135، میکسویل نے 66 اور جارج بیلی نے 55 رنز بنائے۔ سٹیون فن نے 5 اور سٹیورٹ براڈ نے 2 وکٹیںحاصل کیں۔ جواب میں انگلش ٹیم 41.5 اوورز میں 231 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ جیمز ٹیلر 98 کے مجموعی سکور پر ناٹ آئوٹ رہے۔ بیل نے 36 اور کرس واکس نے 37 رنر بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے 5، مچل جانسن اور مچل سٹارک نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آسٹریلیا کے  ایرون فنچ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انگلش ٹیم کے کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

مزیدخبریں