عوامی توقعات پوری نہیں کر سکے‘ حکومت دعوئوں تک محدود ہے: نثار

Feb 15, 2015

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ چودھری نثار نے اعتراف کیا ہے کہ انکی حکومت ڈیڑھ سال میں عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی۔ راولپنڈی میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں عوام کی توقعات پوری نہیں ہوسکیں تاہم آج ہم جہاں بیٹھے ہیں وہ اللہ کے بعد عوام کی مہربانی ہے۔ چودھری نثار نے اعتراف کیا کہ حکومت کو دیوانگی سے کام کرنا چاہئے تھا تاہم ایسا نہ ہو سکا اور اب ملک کو پہاڑ جیسے مسائل کا سامنا ہے تاہم حکومت عوام کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے اور اس کیلئے سرگرمی سے کام کرنا ہو گا۔ ایک طرف ملک کو بڑے بڑے مسائل کا سامنا ہے وہاں اپوزیشن بہتان اور حکومت صرف دعوئوں تک محدود ہوچکی ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہر کوئی آستینیں چڑھا کر تقریر کرتا ہے مگر سچائی کا دور دور تک پتہ نہیں ہوتا۔ چودھری نثار نے کہا کہ بطور قوم عوام پر بھی لازم ہے کہ وہ سچ اور جھوٹ کا فرق کریں۔ اب پیمانہ عوام کے ہاتھ میں ہے جو جانتے ہیں کہ کون پارٹیاں تبدیل کرتا ہے اور کس کے کتنے اثاثے بن چکے ہیں۔ ہر کمزوری کے باوجود حکومت کا قبلہ درست ہے۔ حکومت نے مالی مجبوری کے باوجود عوام کو ریلیف دیا اور دو ماہ میں پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ قیمتوں میں کمی ہوئی، تاہم کرایوں میں کمی کی مد میں فائدہ نہیں پہنچ سکا ہے۔ چودھری نثار نے راولپنڈی میں صفائی کے منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ شہر میں جدید صفائی کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور 31 مئی تک پورے شہر کی صفائی ہوجائیگی جبکہ اس شہری صفائی کے منصوبے پر 8 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

مزیدخبریں