پولیس کو پہلے بھی وسائل دیئے‘ آئندہ بھی دینگے: شہباز شریف

Feb 15, 2015

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مساجد، امام بارگاہوں ،عبادت گاہوں اور دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں-اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ خصوصی میکانزم کے تحت سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیش جلد مکمل کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ایم این اے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی سنگین جرائم کے مقدمات کی جلد تفتیش اور مدعیوں کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے جامع لائحہ عمل مرتب کرے گی۔ وزیراعلیٰ خود بھی سنگین جرائم کے مقدمات پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔اجلاس میں ایلیٹ پولیس فورس اور سپیشل برانچ کی تنظیم نو کرنے کے پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ بدلتے حالات میں پولیس کی ذمہ داریوں کی جہتیں بھی بدل چکی ہیں۔ پولیس کو نئے حالات سے تقاضوں کے ہم آہنگ بنانا ضروری ہے۔ پولیس میں سزا اور جزا کا موثر نظام انصاف کی فراہمی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے لہذا پولیس میں مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیاجائے تاکہ چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنایا جاسکے۔ انسداد دہشت گردی فورس کیلئے صوبہ بھر میں تھانے قائم کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت اور معروف بین الاقوامی ادارے کے مابین لاہور نالج پارک کا ماسٹر پلان تیار کرنے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ معاہدے کے تحت بین الاقوامی ادارہ لاہور نالج پارک کی ماسٹر پلاننگ کا ڈیزائن تیار کرے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جدید علوم کے فروغ سے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ کنٹرول پرائس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے تناظر میں پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں تاکہ عوام قیمتوں میں کمی کے حقیقی ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

مزیدخبریں