ایڈیلیڈ/ لاہور (نوائے وقت نیوز/ ایجنسیاں/نامہ نگاران) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا معرکہ آج آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کی اوول گرائونڈ میں ہوگا جس میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ پاکستان کے وقت کے مطابق تاریخ ساز مقابلہ صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔ بھارتی ٹیم پہلی مرتبہ سچن ٹنڈولکر کے بغیر پاکستان کا سامنا کریگی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارت کیخلاف اس میچ کیلئے حکمت عملی بنا لی ہے۔ یونس خان کے ساتھ احمد شہزاد اننگز اوپن کریں گے جبکہ حارث سہیل ون ڈائون پوزیشن پر کھیلیں گے۔ شاہد آفریدی سمیت 7 بیٹسمین ٹیم میں شامل کئے جائیں گے۔ بولنگ اٹیک شاہد آفریدی سمیت 2 سپنرز اور 3 فاسٹ بولرز پر مشتمل ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم کپتان مصباح الحق کی قیادت میں ورلڈکپ کی تاریخ کو بدلنے کا عزم لیکر میدان میں اتریگی۔ پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل فاسٹ بائولر جنید خان، محمد حفیظ کی انجری اور سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر پابندی کے معاملہ کی وجہ سے سخت دھچکا لگا ہے تاہم اسکے باجود بھی پاکستا نی ٹیم کی طاقت اسکا بولنگ اٹیک ہے جبکہ ٹیم کی کمزوری اسکی فیلڈنگ اور مڈل آرڈر بیٹنگ ہے ۔اگر ان دونوں شعبوں میں پاکستان نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تو بھارت کیخلاف جیت مشکل نہیں ہوگی۔ ورلڈ کپ کے پریکٹس میچز میں کامیابی حاصل سے کھلاڑیوں میں کافی اعتماد آیا ہے۔ کپتان مصباح الحق اور آل رائونڈر شاہد آفریدی ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے اور انکی خواہش ہے کہ اپنے آخری ورلڈ کپ کو یادگار بنائیں۔ پاکستان اور بھارت کے مابین دنیا کے مختلف کرکٹ گرائونڈز میں مجموعی طور پر ہونے والے ون ڈے میچز میں پاکستان جبکہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں ہونیوالے میچز میں بھارت کا پلہ بھاری ہے ۔ ایشیا کپ میں ہونیوالے میچز میں دونوں ٹیمیں برابر جبکہ چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی پاکستان کا پلہ بھاری ہے ۔ 1978ء سے لیکر اب تک دونوں ٹیموں کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گرائونڈز میں 126 ون ڈے میچز ہوچکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 72 اور بھارت نے 50 میچز جیتے ہیں جبکہ 4کا نتیجہ نہیں نکل سکا ۔دونوں ٹیموں کے مابین ورلڈ کپ مقابلوں میں ہونے والے پانچ میچز میں سے پاکستان کی ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکی۔ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں اس بار بھارت سے جیت کر تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں۔ کھلاڑی بھارت سے میچ کے دبائو سے واقف ہیں، دستیاب کھلاڑیوں کوعمدہ کارکردگی دکھانا ہوگی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ میں جذبات کو قابو میں رکھ کر کھیلنا ہوگا، میچ کے ابتدائی پندرہ اوورز اہم ہوں گے۔ بھارتی ٹیم کے خلاف کامیابی میں فاسٹ بائولر عرفان کا کردار اہم ہوگا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کون سا کھلاڑی ٹیم میں ہے کون سا نہیں، اب اس سے فرق نہیں پڑتا، دستیاب کھلاڑیوں کوعمدہ کارکردگی دکھانا ہوگی، احمد شہزاد ہمارا میچ ونر کھلاڑی ہے، یاسر شاہ نے وارم اپ میچز میں پرفارمنس سے حریف ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ کھلاڑیوں کوکہا ہے جذباتی ہوکر کھیلنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ ایک نہ ایک دن ضروربدلتی ہے اور اس بار بھارت کوہرا کرتاریخ بدلنا چاہتے ہیں۔دریں اثنا بھارتی کپتان مہندر اسنگھ دھونی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں حالیہ شکستوں کا ٹیم پرکوئی دبائو نہیں، ایڈیلیڈ کی وکٹ میں نمی ہے، فائنل الیون کا فیصلہ میچ سے قبل ہی کریں گے۔ مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ ہم ورلڈ چیمپئن ہیں، ٹائٹل کادفاع کریں گے، اہم میچ ہے، ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم آسٹریلیا میں حالیہ شکستوں کو بھولی نہیں لیکن ہم پر کوئی دبائو نہیں۔دھونی کا کہنا تھا کہ میچ جیت کرمثبت سوچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرینگے، ہمارے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں۔ ادھر میچ دکھانے کیلئے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں آرٹس کونسلوں ،چوکوں ،پارکوں میں بڑی بڑی ٹی سکرینیں نصب کردی گئی ہیں۔ پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈی جی عثمان انور کی ہدایت پر الحمرا کلچرل کمپلیکس میں تین بڑی ٹی وی سکرینیں نصب کردی گئی ہیں جہاں شائقین کرکٹ پاک بھارت میچ مفت دیکھ سکیں گے۔ رکن پنجاب اسمبلی رانا علی سلمان نے مانانوالہ میں شائقین کرکٹ کے میچ دیکھنے کیلئے خصوصی انتظام کیا ہے۔ پاکستان، بھارت میچ دیکھنے کیلئے ہوٹلوں، ریستورانوں اور ٹی سٹالوں پر بھی ٹی وی سیٹ رکھ کر میچ دکھانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اتوار کو چھٹی ہونے کی وجہ سے شائقین کرکٹ کی زیادہ تر تعداد گھروں میں بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ بیٹھ کر ٹی وی پر میچ دیکھے گی۔ لوگوں نے میچ کے دوران پکوانوں کا خصوصی اہتمام کیا ہوا ہے جبکہ رشتہ داروں اور دوستوں کو بھی میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔ اتوار کے روز ہونے والی شادی اور ولیمہ کی تقریبات کے موقع پر بھی بعض شادی ہالوں میں میچ دکھانے کیلئے ٹی وی سکرینیں رکھ دی گئی ہیں۔ پنجاب پولیس کی ترجمان کے مطابق میچ کے دوران بکیوں کے خلاف ایکشن لینے کیلئے پولیس نے پنجاب بھر میں انتظامات مکمل کئے ہوئے ہیں۔ بکیوں کی لسٹیں مرتب کرلی گئی ہیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میچ دکھانے کیلئے سینما گھروں میں خصوصی طور پر بڑی سکرینز لگائی گئیں جہاں ٹکٹوں کے حصول کیلئے شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق میچ میں کامیابی کیلئے گوردوارہ جنم استھان میں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ہیڈ گرنتھی گیانی جنم سنگھ، سردار کلونت سنگھ ،سردار چرن جیت سنگھ ،سردار دیال سنگھ سمیت دیگر نے شر کت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گیانی جنم سنگھ نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم کی طرح سکھ کمیونٹی بھی پاکستانی ٹیم کی بھارت کیخلاف تاریخی میچ میں کامیابی کیلئے دعا گو ہے۔ میچ دیکھنے کیلئے لوگوں میں نئے ٹی وی خریدنے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے جبکہ اے ایف پی کے مطابق طالبان نے بھی پاکستان اور بھارت کا بڑا معرکہ سننے کیلئے ریڈیو مکمل تیار کر رکھے ہیں۔ وزارت پانی و بجلی نے بھی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ بوڑھے اپنی ٹیم کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں تو منچلے کھلاڑیوں کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے، بچے بھی پرجوش ہیں۔ پاکستان کی کامیابی کیلئے دعائیں اور منتیں مانگی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم کی نظریں قومی ٹیم پر لگی ہوئی ہیں۔ پاکستانی قوم اپنی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے۔ قوم مشکل میچ میں کامیابی کی توقع رکھتی ہے۔ ٹیم پہلے بھی فتوحات کی خوشیاں دے چکی ہے امید ہے اس مرتبہ بھی قومی پرچم بلند ہوگا۔ قومی ٹیم کو کھیل کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔ کھیل کے دوران قومی ٹیم کا مورال بلند ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھارت کیخلاف ورلڈ کپ کے پہلے میچ کے لئے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جیلوں میں پاکستان بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کیلئے انتظامات کردئیے گئے۔ آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر نے کہا ہے کہ صوبے کی 37 جیلوں کے بیرکس میں ٹی وی لگا دئیے گئے ہیں۔ سٹے بازوں نے پاک بھارت کرکٹ میچ میں بھارت کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ پاکستان کا ریٹ ایک روپے 34 پسے اور بھارت کا 64 پیسے ہے۔