راولپنڈی (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ وقار النساء کالج میں دہشت گردوں کے داخلے کی افواہ پر انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے حالات قابو میں نہ رکھنے پر انکوائری کا حکم دیدیا۔ گذشتہ روز جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس دن ایک فون آیا کہ وقار النساء کالج میں دہشت گرد گھس گئے ہیں اور اطلاع دینے والے نے معلومات کا ذریعہ میڈیا بتایا‘ میں حیران تھا کہ مجھے پتہ نہیں چلا کہ راولپنڈی میں ایسا ہوا‘ لیکن دوسرے دن جب اخبارات دیکھے تو اس پر روتی ہوئی طالبات کو دیکھ کر دل بہت دُکھا کہ انتظامیہ اور پولیس کہاں تھی جو حالات کو قابو میں نہیں رکھ سکی اور ایک افواہ نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس نوعیت کی خبروں کی مکمل تصدیق کے بعد نشر کرے یا ٹکر چلائے۔ دریں اثناء چودھری نثار علی خان نے محکمہ تعلیم میں 49 گھوسٹ ملازمین کے سکینڈل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او راولپنڈی‘ ای ڈی او ایجوکیشن کو 19 فروری مہلت دیدی ہے۔ اگر اس دوران اس سکینڈل کے تمام ذمہ داران گرفتار نہ ہوئے تو انتظامی افسروں کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا اتنی اندھیر نگری ہے کہ راولپنڈی میں دن دیہاڑے 50 لاکھ روپے کا فراڈ ہوا اور اب تک ذمہ داروں کا تعین نہیں ہو سکا اور یہ لوگ آج تک انکوائر ی انکوائری کھیل رہے ہیں۔ اب ایسا نہیں چلے گا۔
گرلز کالج میں دہشت گردوں کے داخل ہونے کی افواہ، وزیر داخلہ نے تحقیقات کا حکم دیدیا
Feb 15, 2016