لاہور(اے این این )سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے پاک چین اقتصادی راہداری سے بھارت کو سخت تکلیف ہورہی ہے ، تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق کے بعد مودی سرکار پریشانی میں مبتلا ہے ، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کوملکر سی پیک منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کام کرنا ہو گا ، ملک میں پیپلز پارٹی کی قربانیوں سے لایا گیا جمہوری نظام اب کبھی ڈی ریل نہیں ہوگا،دہشت گردی کے خلاف جو اقدامات پاکستان کررہاہے اس سے پوری دنیا کو فائدہ ہوگا،چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کسی ایک سیاسی پارٹی کے ساتھ نہیں ہیں بلکہ ملکی سطح پر قائم ہیں۔ گزشتہ روز ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا پیپلز پارٹی ایک منظم اور عوامی دلوں پر راج کرنے والی جماعت ہے ، پیپلز پارٹی واحد سیاسی قوت ہے جہاں مکمل جمہوری عمل اپنایا جاتا ہے ،لوگ ہمیں ووٹ اس لئے نہیں دیتے ہم اپنے ضمیر بیچیں بلکہ وہ چاہتے ہیں ہم ان کی زندگیوں میں بہتری لائیں ، موجودہ حکومت عوامی خواہشات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے آج کے دورمیں عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں ،مہنگائی اور غربت میں اضافہ ہو رہا ہے ، بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ کے بدترین بحران کی وجہ سے ملکی معیشت کا جناز ہ نکل گیا ہے ایسے حالات میں جامع اقدامات نہ کئے گئے تو تاریخ اور قوم معاف نہیں کرے گی ۔پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے پاک چائنہ اقتصادی راہداری پر اتفاق رائے کیا ہے ، اس راہداری کی سب سے زیادہ تکلیف بھارت کو ہوئی۔ گوادر پورٹ پر سنگا پورسے معاہدہ بھی کیاجارہاتھا مگرہماری کوششوں سے چین سے معاہدہ طے پا گیا۔ سابق صدرا ٓصف علی زرداری نے اس راہداری کیلئے چین کے 9اورمیں نے بطور وزیراعظم7دورے کیے تھے۔