اسلام آباد میں 60 سیکنڈز فلم فیسٹیول ‘افغان فلم نے میدان مار لیا

لاہور(شوبز ڈیسک )پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے تعاون سے ایک منٹ یعنی ساٹھ سکینڈز کے دورانیے پر مشتمل فلموں کا میلہ سجایا گیا۔60 سیکنڈز فلم فیسٹیول کی تقریب سرسید میموریل سوسائٹی میں منعقد ہوئی جہاں مختلف ممالک سے منتخب شدہ 35 فلموں کی نمائش کی گئی۔منتظمین کے مطابق اس فیسٹیول کا آغاز 2012 میں ہوا تھا اور اس کا مقصد دنیا بھر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا تاکہ وہ اپنے خیالات کا اظہار دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچا سکیں۔فلمی میلے میں بچوں اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ دکھائی جانے والی فلموں کے موضوعات میں ماحولیات، ثقافت، مزاح، تجریدی فن، تخلیقی صلاحیت، تعلیم اور صنفی امتیاز جیسے موضوعات کو موضوع بحث لایا گیا تھا۔اس فلمی میلے میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے فرزار سمیمی اور واحد امیدی کی فلم وڑن بہترین فلم قرار دی گئی جبکہ دوسرا انعام خواتین کے خلاف تشدد پر بھارتی شیطان کو دیا گیا۔ یہ فلم سوربھا بالی کی تخلیق تھی۔تیسرا انعام پاکستانی فلم طوفانی کڈو کے حصے میں آیا۔ طوفانی کڈو گجرات سے تعلق رکھنے والی رومیسہ شاہد کی تخلیق تھی۔رومیسہ شاہد نے حال ہی میں یونیورسٹی آف گجرات سے ملٹی میڈیا میں گریجوئیشن کی ہے اور ان کی تیار کردہ فلم فلپ موشن انداز میں تیار کی گئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن