اسلام نےپہلی بار خواتین کو حقوق دیئے, غیرت کے نام پر قتل انتہائی سنگین معاملہ ہے: نواز شریف

وزیر اعظم نواز شریف سے آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد فلمساز شرمین عبید چنائے نے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نے شرمین عبید چنائے کی کاوش کو سراہا۔ وزیر اعظم کی جانب سے دستاویزی فلم کی کامیابی کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا گیا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسی روایات کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، حضور کی حیات مبارکہ اور تعلیمات سماجی اصلاحات پر مبنی ہیں، اسلام نے تاریخ کا دھارا بدلنے کیلئے کامیاب تحریک چلائی، اسلام نے ہی پہلی بار خواتین کو حقوق دیئے ،غیرت کے نام پر قتل انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ حکومت معاشرے سے غیرت کے نام پر قتل کا بد نما داغ مٹانا چاہتی ہے، خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، انہیں بااختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔متحرک اور خوشحال پاکستان کیلئے خواتین کے تحفظ پر یقین رکھتے ہیں، موجودہ قوانین میں سُقم دور کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کر چکے ہیں، قوانین میں تبدیلی کیلئے تمام فریقین سے مشاورت کی گئی، حکومت اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کوششوں سے سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد دستاویزی 22فروری کو فلم کی رونمائی وزیر اعظم ہاﺅس میں کی جائے گی۔ شرمین عبید چنائے کا کہنا ہے کہ اس بات پر فخر ہے کہ نواز شریف جیسا وزیر اعظم ملا،غیرت کے نام پر قتل جیسے مسئلے سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم کا کردار قائدانہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن