معصوم شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے عبرتناک انجام سے نہیں بچ سکتے:شہباز شریف

لاہور (آئی این پی+ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جبکہ معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں گئے اور زخمی بچوں، مردوں اور خواتین سے ان کی خیریت دریافت اور اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر زخمی پولیس اہلکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ہمارے جسم میں خون کا آخری قطرہ ہے ملک کی خاطر جان لڑا دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے ہسپتالوں میں آنے والے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے زخمی پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ یہ دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے۔ بزدل اور درندہ صفت دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی ہے، معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے اور قوم اس کا بدلہ ضرور لے گی۔ شہباز شریف نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہنے والا بے گناہوں کا خون رنگ لائے گا اور دہشت گردی کی جنگ کے شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام میں کہا دہشت گردوں نے ملک کے دل پر حملہ کیا ہے جس میں پولیس کے جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہیدوں کے خون کا ہر قیمت پر بدلہ لیا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
شہبازشریف

ای پیپر دی نیشن