لاہور( اپنے نامہ نگار سے)لاہور کی مقامی عدالت نے سربجیت سنگھ قتل کیس میں پیش نہ ہونے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 3 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔لاہور کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضال احمد بٹ نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کو بتایا کہ گیا کہ مقدمہ کے گواہان کے بیانات قلمبند کیے جانے تھے مگر ان میں سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل غلام سرور سمیت صفدر اور احسان الحق مسلسل طلبی کے باوجود پیش نہیں ہو رہے،عدالت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت سمیت تین افراد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی۔