شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اِن کے بڑے سوتیلے بھائی کوالالمپور ایئرپورٹ پر قاتلانہ حملے میں ہلاک

Feb 15, 2017

کوالمپور (بی بی سی/ نیٹ نیوز) شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ اِن کے بڑے سوتیلے بھائی کم جانگ نیم ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے ایئرپورٹ میں قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے۔ ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کم جانگ نیم ایئرپورٹ پر موجود تھے جہاں ان پر کسی نے مائع شے کا سپرے کیا جس کے بعد انکی حالت بگڑ گئی۔ طبیعت بگڑنے کے بعد کم جانگ نیم انفارمیشن کاؤنٹر پر مدد کیلئے پہنچے جہاں سے انہیں ایئرپورٹ کے کلینک لے جایا گیا۔ طبیعت زیادہ بگڑنے پر کم جانگ نیم کو ہسپتال روانہ کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس چیف عبدالعزیز علی نے بتایا کم جانگ نیم مکاؤ جانے کیلئے فلائٹ کا انتظار کررہے تھے۔ جنوبی کوریا کے میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق کم جانگ نیم کو دو عورتوں نے قتل کیا جو کہ ممکنہ طور پر شمالی کوریا کی خفیہ ایجنٹس تھیں۔ واشنگٹن میں موجود کوریا اکنامک انسٹیٹیوٹ کے نائب صدر مارک ٹکولا نے بتایا کہ یہ حیرت کی بات ہوگی اگر کم جانگ نیم کو انکے بھائی کم جانگ اِن کے حکم پر قتل نہ کیا گیا ہو کیونکہ شمالی کورین ایجنٹس ماضی میں بھی انہیں قتل کرنے کی کوشش کرچکے ہیں۔ کم جانگ نیم کی عمر 45 برس تھی۔ وہ شمالی کوریا کے سابق سربراہ کم جونگ ال کے سب سے بڑے بیٹے تھے۔ جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق کم جونگ نام کو دو خواتین نے ہوائی اڈے پر زہر دیا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ ان خواتین کا تعلق کہاں سے ہے۔ 2001ء میں کم جونگ نام جعلی پاسپورٹ پر جاپان میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیے گئے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ اس واقعے کے بعد ان کے والد کی نظروں میں ان کی وقعت کم ہوگئی تھی۔ 2011ء میں والد کی وفات اور اپنے چھوٹے بھائی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کم جانگ نیم نے اپنا زیادہ وقت مکاؤ، سنگاپور اور چین میں گزارا۔ 

مزیدخبریں