کراچی (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کی میزبانی میں کثیرالملکی بحری مشق امن 2017اختتام پذیر ہوگئیں۔ اختتامی تقریب پاک بحریہ کے جہاز پی این نصر میں منعقد کی گئی۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے وزیراعظم سمیت دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف سہیل امان نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این نصر سے دیگر جہازوں کو فیول کی فراہمی کے علاوہ مشقوں میں شامل دیگر ممالک کے جہازوں کے ساتھ باہمی رابطے، ہنگامی صورت حال اور جنگی حالات میں کسی بھی وار سے نمٹنے کے لئے عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مشقوں میں شامل دیگر ممالک کے جہازوں نے وزیراعظم کو سلامی دی۔ پاک بحریہ کے جہازوں کی جانب سے زیر آب اور سطح آب اہداف کو نشانہ بنانے کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ پاکستان نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر زیڈ 9ای سی نے شاندار کارکردگی دکھائی جبکہ مشقوں میں پاک فضائیہ کے طیاروں جے ایف 17تھنڈر اور میراج طیاروں نے بھی حصہ لیا۔ مشقوں کے دوران پیرا ٹروپنگ، ہیلی کاپٹرز سے ری فیولنگ اور دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو تباہ کرنے کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مہمان ممالک کے بحری دستوں کو رخصت کیا۔ مشقوں میں پاکستان سمیت 37ممالک نے حصہ لیا۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آپریشنل تیاری کے ساتھ پاکستان نیوی سمندر کی حفاظت اور ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔ امن مشقوں میں غیر ملکی بحری افواج کی اتنی بڑی تعداد میں موجودگی ان کے پاکستان پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ لاہور میں امن و امان کے اجلاس کے باعث گورنر ہاؤس سندھ میں وزیراعظم کی تمام مصروفیات منسوخ کر دی گئیں۔
کثیر القومی مشقیں اختتام پذیر، نواز شریف جنرل قمر باجوہ، اور ائر چیف کی شرکت، پاک بحریہ مفادات کے تحفظ کیلئے تیار ہے: وزیراعظم
Feb 15, 2017