اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی سپیشل آپریشن فورسز کے درمیان کراچی میں ہونے والی مشترکہ بحری مشق افعیٰ الساحل کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ مشق کے پہلے مرحلے کے دوران زمینی اور ہاربر سر گرمیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں بحری سپیشل آپریشنز کی قبل از مشق ریہرسل کی گئی۔مشق افعیٰ الساحل کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز اور دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انسانی سمگلنگ، بحری قذاقی اور دہشت گردی جیسے مختلف النوع میری ٹائم خطرات سے نمٹنا ہے۔ بحری مشق افعیٰ الساحل سال 2011سے باقاعدگی سے کی جارہی ہے۔ مشق کا پہلا مرحلہ سی فیزکی شروعات پر اختتام پزیر ہوگاجس میں میری ٹائم سپیشل آپریشنزکا انعقاد کیا جائے گا۔کراچی میں بحری مشق افعیٰ الساحل کے انعقاد کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی میرینز فورسز کے درمیان سعودی عرب میں دیرہ الساحل کے نام سے بھی بحری مشق جاری ہے۔ پیشہ ورانہ مہارتوں اور صلاحیتوں بالخصوص ساحلی دفاع، ملٹری آپریشنز اور اربن ٹیرین کا مظاہرہ، لینڈنگ کرافٹ یوٹیلٹی سے ساحل پر لینڈنگ اور کیموفلاج اور کنسیلمنٹ ٹیکنیکس سے سنائپرز کی تربیت اس مشق کا حصہ ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کی سپیشل آپریشن فورسز کی مشترکہ بحری مشق
Feb 15, 2018