اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ویلنٹائن ڈے عوامی مقامات اورسرکاری سطح پر منانے سے روک دیا۔بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پیمرا کے وکیل ذیشان ایڈووکیٹ نے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق غیر مہذب چیزوں کی تشہیر ٹی وی چینل میں بالکل بند کر دی ہیں۔ عدالت نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو ویلنٹائن ڈے کی نشریات اور کوریج فوری روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے وزارت اطلاعات، وفاقی حکومت، چیئرمین پیمرا اور چیف کمشنر سے 10 روز میں جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے ہاں لال رومال تحریک چلی، وہاں لال گلاب کی، ویلنٹائن ڈے اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی ہے روکا جائے۔ مارننگ شوز کا کوئی والی وارث نہیں۔مارننگ شوز میں بیہودہ قسم کے کپڑے پہنے ہوتے ہیں۔ ویلنٹائن ڈے پر تفصیلی فیصلہ دوں گا۔عدالت نے کیس کی سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔