تحریک انصاف میں کوئی فاروڈ بلاک تھا‘ ہے نہ بنے گا: پرویزخٹک

پشاور( بیورو رپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی باغی گروپ نہیں ،نہ ہی کوئی فاروڈ بلاک تھا نہ ہے اورنہ بنے گا، پاکستان تحریک انصاف کے باغی ممبران صوبائی اور قومی اسمبلی کو 2018 کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ نہ دینے کے فیصلے کے حوالے سے خبر کوغلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے بھی پارٹی سے بغاوت نہیں کی، اختلاف رائے کا ہونا ایک جمہوری عمل ہے ، تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،پی ٹی آئی خیبرپی کے کے ایم این ایز اور ایم پی ایز متحد ہیں اور پارٹی کی صوبائی اور مرکز ی قیادت کے فیصلوں کو من وعن تسلیم کرتے ہیں، نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ خود کو مستقبل کی قیادت کیلئے تیار کریں خیبرپی کے یوتھ اسمبلی اسی مقصد کے تحت تشکیل دی گئی ہے ،جو نوجوانوں کیلئے تربیتی ادارے کی حیثیت رکھتی ہے صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی بہترین تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے مختلف شعبوں میں دیرپا اقدامات اٹھائے ہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خیبرپی کے کے تحت جاری ایمپلائمنٹ ڈیجیٹل سکلز پروگرام سے اس وقت تقریباً 40 ہزار نوجوان مستفید ہو رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کونسل ہال نوشہرہ میں خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے پارلیمانی اور انتخابی اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ جس میں ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ضلع ناظم لیاقت خٹک ، دیگر مقامی نمائندوں اور اسمبلی کے اراکین اور سیاسی پارٹیوں کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اختلاف رائے پارٹی میں ہوتا ہے جس کو بغاوت کا نام نہیں دینا چاہیے ،پی ٹی آئی پارٹی کے اندر اور باہر جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،اور پارٹی ارکان کی رائے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بعض اخبارات اور میڈیا گروپ بے پرکیاں اڑا رہے ہیں، تحریک انصاف کی مقبولیت سے مخالفین خائف ہیں ،صوبے میں تحریک انصاف کے قائدین اور ارکان اسمبلی کے مابین کوئی اختلافات نہیں ، تمام ارکان اسمبلی عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اوران پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان اور پارلیمانی بورڈ کریں گے،پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے پارٹی کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی کے مفاد میں مشورہ دوں گا، ابھی تو انتخابات کااعلان بھی نہیں ہوا ہے انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے ، پرویز خان خٹک نے کہا کہ ان کی حکومت شروع دن سے نوجوانوں کی فلاح و ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے پرویزخٹک نے کہا کہ صوبے کی تقریباً 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے دوسرا اہم اور مثبت پہلو یہ ہے کہ آج کے نوجوان ماضی کے مقابلے میں زیادہ باشعور ، تعلیم یافتہ ہیں اور جدید تعلیمی و تحقیقی رجحانات سے شناسا ہیں۔پرویز خٹک نے اس موقع پر صوبہ بھر میں ضلعی کونسل ہالوں میں خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے پارلیمانی اجلاس منعقد کرنے کی اصولی منظوری بھی دی۔

ای پیپر دی نیشن