لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے شکنجہ تیار کر لیا، گوشواروں کی تحقیقات کیلئے لاہور کے 100سے زائد بڑے سرمایہ کاروں کی فہرست تیار کر لی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے فہرست مرتب کرنے کے بعد انکے بینک اکائونٹس، املاک کا ریکارڈ اور گوشواروں کا تقابلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، محکمہ ایکسائز، سوشل سکیورٹی سمیت دیگر محکموں سے بھی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گوشواروں میں ظاہر کردہ اثاثوں کا موازنہ کرنے کے بعد ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے گا۔ جبکہ مزید بڑے سرمایہ کاروں کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔