سیاسی جماعتوں سے رابطے‘ خواجہ سعدرفیق کراچی کا دورہ کرینگے

Feb 15, 2018

لاہور (فرخ سعید خواجہ) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور مریم نوازشریف سمیت وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب کے مختلف شہروں میں الگ الگ جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر رہنما خواجہ سعدرفیق کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں مذاکرات کیلئے ڈیوٹی سونپ دی گئی ہے۔ خواجہ سعد رفیق اگلے 36گھنٹوں میں کراچی کا طوفانی دورہ کریں گے۔ نوازشریف اتوار 18فروری کو شیخوپورہ کے کمپنی باغ میں جلسہ عام کریں گے جبکہ شہبازشریف آج بوریوالہ کے جلسے کے بعد 9مارچ کو گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ گوجرانوالہ کے جلسہ عام کے انتظامات کیلئے حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ کے منتخب ارکان پارلیمنٹ اور عہدیداران سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائدین دونوں بھائی میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف الگ الگ جلسوں سے خطاب کے ذریعے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ جلسوں کے ذریعے عوامی تائید حاصل کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ اتوار 18فروری کو شیخوپورہ کے جلسے کی کامیابی کے لئے جہاں شہر سے رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگی رہنما میاں جاوید لطیف کوشاں ہیں وہاں شہر سے رکن پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ(ن) ضلع شیخوپورہ کے صدر عارف خان سندھیلہ بھی اپنا پورا حصہ ڈالیں گے۔ شیخوپورہ کی 5 تحصیلوں مریدکے‘ صفدرآباد‘ فیروزوالہ‘ شرقپور اور شیخوپورہ کے علاوہ فاروق آباد‘ مانانوالہ‘ خانقاہ ڈوگراں سے بھی مسلم لیگی ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور بلدیاتی منتخب نمائندے جلوسوں کی شکل میں جلسہ گاہ کمپنی باغ پہنچیں گے۔ شیخوپورہ ضلع مسلم لیگ(ن) کے صدر اور رکن پنجاب اسمبلی عارف خان سندھیلہ نے نوائے وقت کو بتایا کہ میاں نوازشریف کے شیخوپورہ کے جلسہ عام میں خطاب کرنے کا میرا دیرینہ خواب پورا ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں