اسلام آباد(خبر نگار)موٹروے پولیس ملک بھر میں ٹریفک قوانین سے آگاہی کے ساتھ ساتھ عوام میں ڈرائیونگ سے قبل اور دوران احتیاطی تدابیر اختیارکرنے پرمامور ہے ۔معمولی غلطی کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔احتیاط کو اپنی عادت بنائیںاور بڑے حادثات سے بچیں۔ ٹریفک حادثات میں کسی قسم کی جسمانی معذوری زندگی بھرکا روگ بن سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل ہائی وے ایند موٹر وے پولیس کے سینئر پیٹرولنگ آفیسر انسپکٹر سہیل مصطفی ٰ اور انسپکٹرصنم خرم نے نواے ٔ وقت ہاوس اسلام آباد میں ’’روڈ سیفٹی‘‘سیمینار سے خطاب کرتے ہوے ٔ کیا۔ سیمینار سے سینئر پیٹرولنگ آفیسرسہیل مصطفی نے کہا کہ ہائی ویز اور موٹرویز پر ڈرائیونگ کرتے ہوے ٔ ہم احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے جس کی وجہ سے ملک میں سالانہ ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں فوت ہوجاتے ہیں یا پھر اتنے شدید زخمی ہوجاتے ہیں کہ زندگی بھر معذوری سے دوچار ہوجاتے ہیں۔انھوں نے مثال دی کہ سونامی میں اتنے افراد جان بحق نہیں ہوے ٔ جتنے ٹریفک حادثات میں ہر سال ہو رہے ہیں۔موٹروے پولیس کے ڈرائیونگ ٹریننگ سکول میں 42دن کی ٹریننگ کے بعد ڈرائیونگ ٹیسٹ کے بعد لائسنس جاری کیاجاتاہے۔بیرون ممالک ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے وقت موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنس کے حامل وہاں کے ڈرائیونگ سکول کی کلاسز سے مستثنیٰ ہوتے ہیں ۔ ہمارے ڈرائیونگ لائسنس دنیا کے 32 ممالک تسلیم کرتے ہیں۔بعدازاں انسپکٹر سہیل مصطفی اورانسپکٹرصنم خرم نے سلائیڈکی مدد سے شرکاء کو ٹریفک قوانین اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔سینئر رپورٹر محمد فہیم انوراور سیمینار کے فوکل پرسن سینئر رپورٹر مسعودماجدسیدنے ریذیڈنٹ ایڈیٹر نواے ٔ وقت جاوید صدیق کی جانب سے آئی جی موٹر وے کلیم امام اور ڈی آئی جی غلام رسول کا سیمینار منعقد کرانے پر شکریہ ادا کیا ۔ سیمینار میں ’’نواے ٔ وقت ‘‘،’’ دی نیشن‘‘ اور ’’وقت نیوز ٹی وی‘‘ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سونامی میں اتنے افراد جان بحق نہیں ہوے ٔ جتنے ٹریفک حادثات میںہوئے،سہیل مصطفی
Feb 15, 2018