شہباز شریف کی ضمانت خوش آئند، احتساب اور انتقام میں فرق نظر آنا چاہئے: اپوزیشن

لاہور، اسلام آباد (نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن رہنما¶ں نے شہباز شریف کی ضمانت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے شہباز شریف کی ضمانت کو خوش آئند قرار دیدیا۔ شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی پر ردعمل میں خورشید شاہ نے کہا اب آزاد فضاﺅں میں آزاد سوچ کے ساتھ سیاست ہوگی، اپوزیشن ملکر ملکی مسائل پر حکمت عملی بنائے گی۔ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بھی شہباز شریف کی رہائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریض نے علاج کیلئے جانا ہے مگر این آر او کا شور مچایا جا رہا ہے۔ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ضمانت خوش آئند ہے، احتساب اور انتقام میں واضح فرق نظر آنا چاہئے۔ شہباز شریف کی رہائی ہمارے تحفظات کو سچ ثابت کر رہی ہے۔ بلا امتیاز اور غیر جانبدار احتساب کے بغیر کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔ جانبدارانہ احتساب سے کرپشن کو مزید تقویت ملے گی۔ احتساب کا یہی طریقہ رہا تو کپتان کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ نواز شریف کے بچے، زرداری کی بہن منی ٹریل دے سکتے ہیں تو علیمہ خان کو بھی دینا ہو گی۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونا بہتر پیش رفت ہے، شہباز شریف کی رہائی سے حکومت پر دبا¶ بڑھے گا جبکہ شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونا نیب کیلئے لمحہ فکریہ ہے نیب کو اپنا ہوم ورک مکمل کرکے گرفتاری کرنی چاہئے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چھ ماہ میں کابینہ کے 26 اجلاسوں اور 440 فیصلوں کے نتیجے میں ملک کا جو بیڑہ غرق ہوا، بجلی، گیس کے بل بڑھے، مہنگائی ہوئی، ملک پر قرض بڑھ گئے اس کی تفصیل بھی قوم کو بتائیں۔ وزیراعظم اور ان کے ترجمانوں کو شہباز شریف کے حق میں میرٹ پر آنے والے فیصلے سے ذہنی صدمہ پہنچا ہے۔ فیصلہ آنے کے بعد بڑے ترجمان کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے اور چھوٹے کے اوپر جادو کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر جمعرات کو تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے جھوٹے الزامات اور تہمتیں لگانے والوں کے لئے ماتم کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچائی سن کر، دیکھ کر اور پڑھ کر ان پر جادو ہو جاتا اور حواس کھو بیٹھتے ہیں۔ فیصلہ آتے ہی پنجاب میں ترجمان پر جادو ہو گیا ہے اور انہوں نے ہڈیاں ملنے کے انکشافات شروع کردئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نجانے اور کس کس حکومتی وزیر ومشیر پر اثرات پڑے ہیں اور پڑنے والے ہیں؟ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کو میرٹ پر آنے والے عدالتی فیصلہ کو برداشت کرنے کی ہمت و توفیق دے اور امراض و بلیات سے شفائے کاملہ عطا فرمائے۔ مخالفین کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ ترجمان مسلم لیگ ن نے کہاکہ حکومت اور اس کے ترجمانوں کو پہنچنے والی تکلیف سمجھ میں آتی ہے۔ حکومتی ترجمان ہر دفعہ کی طرح نیب کی کاروائی پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اپوزیشن

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...