اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب الزام تراشیوں اور سیاسی انتقام کے بادل چھٹ جائیںگے، جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ایک مرتبہ پھر ہم پر کرم فرمایاہے،عدالت کا فیصلہ حق اورسچ کی فتح ہے،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایک مرتبہ پھر ہر الزام میں سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی والدہ ماجدہ، بڑے بھائی محمد نواز شریف،اپنے خاندان ، پاکستان کے عوام اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کا بے حد شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اپنی دعاﺅں اور محبتوں میں مجھے یاد رکھا اور میری ہمت بڑھاتے رہے،اس کے علاوہ میں اپنے وکلا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے شبانہ روز محنت اور جذبے سے مقدمہ تیار کیا اور اس کی پیروی کی۔ انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب الزام تراشیوں اور سیاسی انتقام کے بادل چھٹ جائیں گے،قوم اس دن کے منتظر ہیں جس دن نواز شریف ایک مرتبہ پھر ان میں ہوںگے۔
شہباز شریف/ردعمل