کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ کچھ خفیہ طاقتیں کراچی میں بد امنی کی فضا قائم کررہی ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے علاقے میں تین محنت کش پشتونوں کا قتل سندھ میں لسانی فسادات کرانے کی سازش ہے‘ ارشاد رانجھانی کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور اس میں رحیم شاہ کے موقف کو بھی سنجیدگی سے سنا جائے آج ہمارے لئے خوشی کا دن ہے کیونکہ شہباز شریف کو عدالت نے رہا کردیا ہے اب شیخ رشید کو بھی خوش ہو جانا چاہئے کیونکہ وہ کہتے تھے جو لوگ جیل میں ہیں وہ پبلک اکاؤٹس کمیٹی کے چیئرمین نہیں بن سکتے ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر خواجہ طارق نذیر ‘علی اکبر گجر اور دیگر بھی موجود تھے۔ شاہ محمد شاہ نے کہاکہ نواز شریف کی ہمت اور سیکورٹی فورسز کی جدوجہد سے کراچی میں امن آیا۔شہر میں ایک مرتبہ پھر بد امنی کی فضا قائم ہورہی ہے اور سابق گورنر سندھ محمد زبیرپر حملے سے اس کا آغاز ہوا ہے ۔کچھ خفیہ طاقتیں کراچی میں بد امنی کی فضا قائم کررہی ہے ۔سندھ اولیا اور صوفیوں کی سرزمین ہے جنہوںنے امن کا پیغام دیا ہے ۔ارشاد رانجھانی قتل کیس کے حوالے سے شاہ محمد شاہ نے کہاکہ رحیم شاہ کاموقف ہے کہ وہ بنک سے رقم نکال رہے تھے اس دوران ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی کو لوٹنے کی کوشش کی جس پر انہوںنے گاڑی کے اندر سے فائر کیا‘ فائر کرنے کے بعد انہوں نے پولیس کو فون کیا اور وہ 15 منٹ میں پہنچی‘ پولیس کی آمد کے بعد رحیم شاہ کا ان سے کوئی تعلق نہیں بنتا ہے رحیم شاہ کا کیس عدالت میں ہے وہاں اس حوالے سے تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔انہوںنے کہاکہ سندھ ہم سب کی سرزمین ہے یہاں پر لسانیت کو ہوا دینا افسوسناک ہے ‘ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے علاقے میں تین محنت کش پشتونوں کا قتل سندھ میں لسانی فسادات کرانے کی سازش ہے ‘پشتونوں کے قتل کی بھی شفاف انداز میں تحقیقات ہونی چاہئیں اگرایسا نہ کیا گیا تو امن و امان کی صورت حال خراب ہوگی ۔کراچی سے کشمور تک ہم سب ایک ہیں اور امن چاہتے ہیں‘ ہاتھ جوڑ کر سندھ کے عوام سے اپیل کرتا ہو ںکہ خدا کے لئے آگ لگانا آسان ہے مگر اسے بجھانا آسان نہیں ہے‘ پشتون اور سندھی دانشوار میدان میں آئیں اور یہ پیغام عام کریں کہ یہ لسانی جھگڑا نہیں ہے ہم نے اس سلسلے میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ کر ان سے کردار ادا کرنے کی استدعا کی ہے ۔شاہ محمد شاہ نے کہاکہ آج ہمارے لئے خوشی کا دن ہے عدالت سے میاں شہباز شریف کی ضمانت منظور ہوگئی ہے شیخ رشید کہتے تھے کہ جیل میں بیٹھا ہوا شخص پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بن سکتا اب ان کو شہباز شریف کے چیئرمین بننے پر اعتراض نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ناتجربہ کاری کے باعث دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے‘ سعودی عرب سے سرمایہ کاری کے تمام معاملات میاں نوازشریف نے طے کئے تھے‘ حکومتی سطح پر معاملات پر مکمل ہونے پر وقت لگتا ہے عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کی تمام گاڑیاں فروخت کر دیں اور جس قیمت میں یہ گاڑیاں فروخت کی تھیں اب اس سے زیادہ قیمت میں گاڑیاں کرائے پر لی جا رہی ہیں۔
شہید بھٹو کے شہر میں پختونوں کا قتل لسانی فسادات کی سازش ہے: ن لیگ
Feb 15, 2019