لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان میں پرامن اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کے لیے مذہبی و سماجی ہم آہنگی کا قیام ایک اہم قدم ہے۔ ان کاوشوں کی کامیابی میں مذہبی طبقات کی شمولیت اور کردار قابل تحسین ہے۔معاشرے میں درپیش مختلف چیلنجز کے باوجودامن پسند مذہبی قائدین اپنے علاقوں میں امن اور رواداری کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت کے تمام ادارے بشمول وزارت مذہبی امورو اوقاف، اسلامی نظریاتی کونسل اور وزارت تعلیم معاشرے میں عدم برداشت اور نفرت کے رویوں کے تدارک کے لیے غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے ساتھ مل کر پالیسی تشکیل دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ادارہ امن و تعلیم اور اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام لاہور میں ایک روزہ قومی امن کانفرنس بعنوان ''مذہبی قائدین بحیثیت سفیر امن: پالیسی، طرزِ عمل اور کامیابی''میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈاکٹر قبلہ ایازچئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل، اعجاز عالم صوبائی وزیر انسانی حقوق پنجاب ، صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری، سربراہ ادارہ امن و تعلیم اظہر حسین،ممبر قومی اسمبلی وحید عالم، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب صہیب برتھ،ممبر پنجاب اسمبلی حضر حیات ، ممبر پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار و دیگر نے خطاب کیا۔، کالم نگار و اینکر خورشید ندیم، ڈائریکٹر جنرل نیکٹا شہزادہ سلطان،وائس چانسلریونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور ڈاکٹر رؤوف اعظم ، مجتبیٰ راٹھورکے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی قائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے خطاب کیا۔