سوڈان امریکی جنگی بحری جہازکول پرحملے کے متاثرین کو 30 ملین ڈالر دینے کو تیار

ایتھنز (این این آئی) سوڈان کی حکومت اور امریکی بحری جنگی جہازکول پر 2000ء میںہونے والے حملے کے متاثرین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت سوڈان کول کے متاثرین کو 30 ملین ڈالر کی رقم ادا کرے گا۔ فریقین میں معاہدہ 7 فروری کو طے پایا ہے۔ادھر سوڈان کی وزارت انصاف نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ خرطوم حکومت اور امریکی بحڑی بیڑے کول کے متاثرین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔ جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین میں سات فروری کو ایک سمجھوتے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سمجھوتے کے بعد کول کے متاثرین امریکا کی عدالت میں سوڈان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ واپس لے لیں گے۔سوڈانی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت اس پوری طرح وضاحت کررہی ہے کہ ہم ماضی کی حکومت کی کسی دہشت گردانہ کارروائی اور تخریب کاری کی ذمہ داری نہیں اٹھائے گی۔ موجودہ حکومت دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھرپور حصہ لے گی اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔خیال رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے بتایا تھا کہ امریکا نے سوڈان پر عاید کردہ پابندیاں اٹھانے کے لیے 7 شرائط پیش کی ہیں۔ ان شرائط پرعمل درآمد کی صورت میں سوڈان کا نام بلیک لسٹ سے نکالا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں سوڈان پرعاید ہونے والے جرمانوں کی ادائی کا معاملہ طے نہیں ہوسکا ہے۔ اس میں 12 اکتوبر 2000ء میں امریکی بحری جہاز کول پرحملے کا معاملہ بھی شامل ہے۔ اس واقعے میں 17 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری القاعدہ نے قبول کی تھی جسے مبینہ طور پر سابق سوڈانی حکومت کی پشت پناہی حاصل رہی ہے۔امریکا کی ایک عدالت نے اس حملے میں سوڈان کو قصور وار قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس حملے میں ملوث شدت پسندوںنے سوڈان میں عسکری تربیت حاصل کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن