لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی منی لانڈرنگ میں ملوث چھ ملزموں کے مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے دوبارہ 28 فروری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ شہباز شریف فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف فیملی کے منجمد کیے گئے اثاثہ جات کی نیب سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت میں نیب کی جانب سے جواب جمع نہ کرایا گیا عدالت سے آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی مہلت طلب کر لی۔ آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں ملوث شہباز شریف‘ فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 13 ملزموں کے کیس کی سماعت پر کارروائی کے لئے 27 فروری تک ملتوی کر دی۔ شریک ملزم بلال قدوائی نے K265 کے تحت بریت کی درخواست دائر کر دی۔ بیٹی مریم صفدر اور یوسف عباس کی چودھری شوگر ملز سکینڈل کیس کی سماعت بھی 28 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ مریم نوازشریف کی جانب سے انکے معاون عدالت میں پیش ہوئے۔