ترک وفد کا سی پیک میں دلچسپی کا اظہار‘ پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے حمایت کا اعادہ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انفراسٹرکچر کاہت تورہن کی سربراہی میں ترک وفد نے وفاقی وزیر برائے سمندری امور علی زیدی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سکرٹری میری ٹائم افیئرز رضوان احمد، ایڈیشنل سیکرٹری نادر ممتاز وڑائچ اور جوائنٹ سکریٹری کامران فاروق انصاری بھی موجود تھے۔ ترک وزیر کاہت تورہن نے جہاز رانی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر زور دیا جس کے تحت پاکستان کو ٹیکنالوجی اور تجربے کے تبادلے کے ذریعے شپ یارڈ آپریشنوں میں مدد فراہم کی جاسکتی ہے۔ دوطرفہ تعاون کے فروغ سے پاکستانی افرادی قوت کو ترک کمپنیوں میں ترجیحی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ملاقات میں دوطرفہ ایم او یوز پر جلد دستخط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ترک وفد نے سی پیک میں بھی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے اپنی حمایت کااعادہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی نے مہمانوں کو پاکستان کی نئی شپنگ پالیسی کی نمایاں خصوصیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں رجسٹرڈ جہازوں کے لئے ٹیکس چھوٹ اور ترجیحی برتھنگ کے حقوق شامل ہیں۔ انہوں نے ترک کمپنیوں کو کراچی اور گوادر کے بندرگاہی شہروں میں قائم ہونے والے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز میں اپنی صنعتیں قائم کرنے کی بھی دعوت دی۔

ای پیپر دی نیشن