لاہور (خصوصی نامہ نگار) تنظیم اِسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ شرم و حیا اسلام کے پیروکاروں کے لیے قلعہ کی مانند ہے جس میں اُن کا ایمان محفوظ رہتا ہے۔ مغرب اور ہمارے معاشرے میں اُس کی تہذیب کے دلدادہ عناصر کی یہ شدید خواہش ہے کہ اُمت ِ مسلمہ میں بے حیائی کاکلچر پروان چڑھے۔ اور اسلامی معاشرے سے بھی مغربی معاشرے کی طرح شرم و حیا کا جنازہ نکلے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامی جماعتوں اور احیائی تحریکوںکے کارکنوں کا فرض ہے کہ وہ اُن کے اِن عزائم کو ناکام بنانے کی جدوجہد کریں۔
ویلنٹائن ڈے بھی اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ بے حیائی کو فروغ دینے کی کوشش کا ایک حصہ ہے۔ ہم ویلنٹائن ڈے منانے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اسلامی جماعتوں کو بے حیائی کے بڑھتے ہوئے اِس سیلاب کے آگے بندباندھنا ہوگا۔امیر تنظیم نے کہا شُنید ہے کہ افغان طالبان اور امریکہ کے مابین چند روزہ سیز فائر ہوا ہے۔ جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ اور اُس کے حواریین بدترین ہزیمت اور شکست سے دوچار ہوئے ہیں اور وہ افغانستان سے باعزت واپسی کی راہ کے متلاشی ہیں مگر امریکہ کی تاریخ ظاہر کرتی ہے کہ وہ اپنی عیاریوں اور چالاکیوں سے باز نہیں رہ سکتا لہٰذا افغان طالبان کو چوکنا رہتے ہوئے اس معاہدے کو آگے بڑھانا ہوگا۔