راولپنڈی(جنرل رپورٹر)آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کلینیکل لیبارٹریز شمالی پاکستان ریجن کے تحت گزشتہ روز فوجی فائونڈیشن ہسپتال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت کمانڈنٹ ایف ایف ایچ میجرجنرل (ر)صلاح الدین قاسم نے کی جبکہ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کراچی کے ڈاکٹر صبیح صدیقی اور ڈاکٹر حفصہ ماجد نے لیکچرز دیئے۔دریں اثناء کرنل (ر)ڈاکٹر شاہد رندھاوا،ریجنل منیجر آغا خان یونیورسٹی اسلم خان غالب اور اسسٹنٹ مینیجر بلال عباسی نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور بیسیوں ڈاکٹرز نے سیمینار میں شرکت کی ۔ماہرین نے بتایا کہ انسانی جسم کی قوت مدافعت در اصل اپنے ہی جسم کے خلیوں کے خلاف کام کر رہی ہوتی ہے۔جس کی وجہ سے ان خلیات میں نہ صرف تبدیلیاں رونماء ہوتی ہیں بلکہ بعض اوقات نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔اس بیماری کی انتہائی کیفیات میں آنکھوں ، ہڈیوں، اور اس سے بھی بڑھ کر ریڑھ کی ہڈی میں تبدیلی وقوع پذیر ہو سکتی ہے۔ماہرین نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد ڈاکٹرز اور عوام الناس کو اے این اے اور ای این اے ٹیسٹ سے آگاہی دلوانا ہے۔جن کے نتیجے میں ہم مذکورہ بیماری کی تشخیص کر کے علاج کروا سکتے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ آغا خان یونیورسٹی نے حال ہی میں یہ دونوں ٹیسٹ مینول سے آٹومیشن پر منتقل کر دئیے ہیں۔