لاہور ( خصوصی نامہ نگار) یکم دسمبر 2019ء کے بعد جاری کی جانے والی ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی308نئی فائلوںپر پلاٹ نمبر لگا دیئے گئے‘قرعہ اندازی کانتیجہ ایل ڈی اے کی ویب سائٹwww.lda.gop.pk پردستیاب ہے۔مالکان اپنی فائل کا نمبر اینٹر کر کے اس پر لگنے والے پلاٹ کا نمبر معلوم کر سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشیدنے قرعہ اندازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی مستقبل کا نیا شہر ہے ، ایک سال قبل شکوک و شبہات او رغیر یقینی صورتحال کے باوجود یہ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے جو کسی معجزے سے کم نہیں -یہ ہماری نیک نیتی کے نتیجے میں اللہ تعالی کا انعام ہے -فائل ہولڈرزکی دعائوں کے ساتھ ساتھ وائس چیئر مین ایس ایم عمران ‘ ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید اوران کی ٹیم اور ڈویلپمنٹ پارٹنرز کی دن رات کی محنت کے نتیجے میں ہم اس چیلنج سے عہدہ برآ ہو رہے ہیں۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایل ڈی اے سٹی فائل مالکان کو پلاٹ الاٹ کر کے سرخروہوئے۔