لاہور( سٹاف رپورٹر )اپاکستان ٹیکس فورم کے چیئرمین ذوالفقار خان نے ایس آر او 175(1)2021 کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ٹیکس دہندگان کی آواز کو سناگیا ہے ترقی یافتہ ممالک میں آن لائن ریفینڈز فوری دیدیئے جاتے ہیں اورہماراقانون بھی یہی کہتا ہے ایف بی ار نے انکم ٹیکس رولز2002میں ترمیم کا نیا ایس آر او جاری کرکے بہترین قدم اٹھایا ہے لیکن اصل مسئلہ محکمے کے اندر کی کرپشن کا ہے ۔ قانون لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاںاور انسانی بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ایف بی آر کے افسران ان کا غلط استعمال کر کے اور جان بوجھ کر تاخیر کر کے چور راستوں اورکرپشن کا بازار گرم کرتے ہیں جو ملک کیلئے خطرناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرایف بی ار کمشنرز اس قانون پر من وعن عمل کرتے ہیں جوکہ انسانی فطرت اورانسانی بنیادی حقوق کے مطابق ہے تو آئندہ سال ٹیکس گوشواروں کی تعداد بھی 30 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی اور ٹیکس فائلر کے ساتھ ٹیکس پیئرز بھی زیادہ ہو جائیں گے۔