دھند‘ حادثے 2 جاں بحق‘ ابرار الحق کے بھتیجے سمیت بیسیوں زخمی

Feb 15, 2021

لاہور‘ قصور‘ گوجرانوالہ‘ کامونکے‘ گکھڑ منڈی (نامہ نگاران+ نمائندگان) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، حدنگاہ انتہائی کم ہونے کے سبب موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی معطل۔ نارووال، چناب نگر سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران 9 افراد زخمی ہوگئے۔ لاہور سمیت دیگر شہروں گکھڑ منڈی‘ اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور گرد ونواح میں دھند چھائی رہی۔ حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی۔ موٹروے ایم ٹو اور تھری کو لاہور سے سمندری، لاہورسے عبدالحکیم، موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ، فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا گیا۔ چناب نگر میں چنیوٹ جھنگ روڈ پر بس اور ڈالے میں تصادم سے موٹر سائیکل سوار تین افراد زخمی ہوگئے۔ نارووال میں پسرور روڈ اڈا ڈومالہ کے قریب تیز رفتار کوسٹر الٹنے سے چھ مسافر زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ میں دھند کے باعث دو مسافر بسوں کے ٹکرانے سے 18مسافر زخمی ہوگئے جبکہ معروف گلوکار اور تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق کی گاڑی بھی شدید دھند کے باعث جی ٹی روڈ گکھڑ منڈی پر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس سے ان کے بھتیجے زخمی ہوگئے، ابرار الحق محفوظ رہے۔ کامونکی میں بھی شدید دھند کے باعث دو بسیں ٹکرانے سے 21مسافر زخمی ہوگئے۔ راجہ جنگ میں کار اورکیری ڈبہ میں تصادم سے ایک شخص جان کی بازی ہا رگیا۔ قصور میں تیز رفتار موٹر سائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔ لاہور کا 24 سالہ علی جان کی باز ی ہار گیا۔ دریں اثناء موٹر وے ایم ٹو لاہور سے لیہ تک بند کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں