لاہور، وزیرآباد، گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت غریب عوام پر پٹرول بم گرا رہی ہے جس کو ہم مسترد کرتے ہیں ہم وہ فیصلہ کریں جو ہماری آنے والی نسلوں کے مفاد میں ہو۔ روز محشر میں کوئی پارٹی لیڈر اور ممبر آپ کا سفارشی نہیں ہوگا۔ ووٹ کے نتیجہ میں کوئی اسمبلی میں جاتا ہے چوری کرتا ہے، شراب پیتا ہے دونوں کاموں میں سزا جزا ملے گی۔ کرونا میں ہر چیز بند ہوگئی یہ اللہ کا پیغام تھا کہ زمین پر صرف اللہ کی بادشاہی ہے۔ پاکستان میں کرونا سے بڑھ کر ایک بیماری کرپشن کی ہے جس کی وجہ سے کوئی چیز خالص نہیں ملتی۔ ہمارے ملک کا یہ حال ہے کہ ملائیشیا نے ہمارا جہاز پکڑا سٹیل مل تباہ ہو گئی یہ سب کرپشن کیوجہ سے ہے۔ ملک کی خاطر جماعت اسلامی نے قربانیاں دیں ہیں۔ وہ جماعت اسلا می کے امیدوار ناصر محمود کلیر کے انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ جلسہ سے امیدوار صوبائی اسمبلی ناصر محمود کلیر، محمد مشتاق بٹ، امیر العظیم، محمد جاوید قصوری، مظہر اقبال رندھاوا، جبران سلمان بٹ، لئیق احمد، ڈاکٹر محمد عبید اللہ گوھر، ذبیع اللہ ملک، وقاص احمد بٹ، میاں نعمان قیصر ایڈووکیٹ، قاری علی رضا، لیاقت علی چشتی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 10 ہزار کارکنوں نے قربانیاں دیں کے پی کے سپیکر ہاؤس میں سابق سینٹ کے الیکشن کے سلسلہ میں جو فوٹیج منظر عام پر آئیں وہ ویڈیو نا مکمل ہیں۔ پی ڈی ایم اور جماعت اسلامی کا ایجنڈا الگ الگ ہے۔کرپشن، موروثیت کی سیاست کے خاتمے کا آغاز 19 فروری کو وزیرآباد سے ہوگا۔ وزیر آباد کے عوام نے کرپشن کی سیاست کو دفن کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 19 فروری کو ترازو کی جیت کا صرف اعلان ہونا باقی رہ گیا ہے۔ جلسہ میں بلال قدرت بٹ، فرقان عزیز بٹ، سعید احمد کھوکھر، صاحبزادہ محمد رفیق نعیم، مرزا تقی علی، بشارت علی صدیقی، صابر حسین بٹ، وحید الرحمن چیمہ، عتیق مہر سمیت ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ سراج الحق نے کہاہے کہ ملک کو کرپشن سے بچانے کیلئے سیاستدانوں کی ویکسی نیشن کی ضرورت ہے۔ اتنی جلدی دیمک لکڑی کو نقصان نہیں پہنچاتی جتنا ان نا اہل اور نالائق حکمرانوں نے ملک کو پہنچایا ہے۔ عوام پر صرف ظلم ۔عوام ملک سے نوٹوں، لوٹوں کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں قرآن کی حکمرانی ہو۔ ہم ووٹ کے ذریعے حکومت میں آکر اس ملک میں اسلام کا نفاذ چاہتے ہیں، عوام 19 فروری کو پی پی 51 میں ترازو پر مہر لگائیں تاکہ ان مسائل سے نجات مل سکے۔ 19 فروری کو عاشق رسول ممتاز قادری کو پھانسی دینے والوں کا یوم عبرت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم سی ہائی سکول وزیر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم، جاوید قصوری، امیر اقبال رندھاوا۔ اس موقع پر قیصر شریف، بلال قدرت بٹ، وقاص احمد بٹ، امیر ضلع لاہور ذکر اللہ مجاہد، جے آئی یوتھ پنجاب کے صدر جبران بٹ، جے آئی یوتھ ضلع گوجرانوالہ کے صدر بشارت صدیقی بھی موجود تھے۔ امیر العظیم نے کہا کہ ترازو کی جیت سے اسلام آباد کے ایوان سیاست میں انگریز کے قانون ختم اور اسلامی شریعت کا آغاز ہوگا۔