اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کاٹن جنرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر جسو مل نے کہا ہے کہ حکومت نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے بڑے پیکج کا جلد اعلان نہ کیا تو جننگ انڈسٹری مکمل طور پر بیٹھ جائے گی ایسوسی ایشن کے خصوصی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کپاس درآمد کر کے ملک نہیں چلتے ،پاکستان میں کپاس کی پیداوار66 فیصد کم ہو گئی ہے جبکہ بھارت میں یہ پیداوار بڑھ چکی ہے جو ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے ،جننگ کے 800 نیٹ بند ہو چکے ہیں، حکومت بڑے اقدامات کرے۔جسو مل کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ملکر کپاس کی پیداوار بڑھائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانچ ہزار روپے فی من سپورٹ پرائز کا اعلان کیا جائے، کپاس کے کاشتکاروں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں ٹیکسٹائل سیکٹر کی طرح جننگ سیکٹر کو بھی مراعات دی جائیں اور بجلی کے نرخوں میں چھوٹ دی جائے۔