گنے کے کاشتکاروں کو کروڑوں کی عدم ادائیگی ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تاندلیانوالہ شوگر ملز یونٹ رحمان ہاجرہ کے جی ایم سمیت 3 کیخلاف مقدمہ درج 

مظفرگڑھ(نامہ نگار)گنے  کے کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کی عدم ادائیگی اور ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تاندلیانوالہ شوگر ملز یونٹ رحمان ہاجرہ مظفرگڑھ کے جنرل منیجر،فنانس منیجر اور کین منیجر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا،تھانہ قریشی میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) مظفرگڑھ کی طرف سے درج کروائے گئے مقدمے کیمطابق وہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کوٹ ادو شبیر احمد اور ڈرائیور ارشد حسین کے ہمراہ کین کمشنر پنجاب کے حکم پر کمیشن ایجنٹس کی ملی بھگت سے ادائیگی اور گنے کے واجبات کی عدم ادائیگی کی شکایات کی انکوائری کے لئے تاندلیانوالہ شوگر ملز یونٹ رحمان ہاجرہ مظفرگڑھ پہنچے اور ریکارڈ طلب کیا مگر شوگر مل کے منیجر فنانس محمد یونس اور کین منیجر نعیم اختر نے ریکارڈ مہیا نہ کیا اور یہ تسلیم کیا کہ 15 دن کی مقررہ مدت سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود بھی کسانوں کی کروڑوں روپے کی ادائیگی نہیں کی جاسکی۔اس موقع پر کسانوں نے بھی عدم ادائیگی کی شکایات ریکارڈ کروائیں،مقدمے کے مطابق شوگر ملز کے جنرل منیجر نور احمد رضا کی ایماء  اور اعانت پر شوگر مل کے منیجر فنانس محمد یونس اور کین منیجر نعیم اختر نے کسانوں کی کروڑوں روپے کی ادائیگی نہ کرکے اور ریکارڈ مہیا نہ کرکے جرم کیا ہے جس پر ان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن