اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز رپورٹر) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن بقائے باہمی اور تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز کثیرالملکی بحری مشق امن-2021 کی مختلف تقریبات میں شرکت کی اور مشقیں ملاحظہ کیں ۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی مشق میں شریک مختلف غیر ملکی عسکری وفود سے ملاقاتیں کیں۔ بحریہ کے جاری پریس بیان کے مطابق کثیر الملکی بحری مشق امن-2021 ’’امن کے لیے متحد‘‘ نصب العین کے تحت جاری ہے۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والی یہ مشق، مختلف اقوام کو باہمی تبادلہ خیال اور میری ٹائم تعاون کے فروغ کا موقع فراہم کرتی ہے۔ مشق کی دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پی این ایس قاسم منوڑہ کراچی میں ایک شاندار انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے اورانسدادِ میری ٹائم دہشت گردی کے آپریشن کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، جنرل ندیم رضا مہمانِ خصوصی تھے۔ انھوں نے کثیرالملکی بحری مشق امن-21 کے انعقاد پر بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ امن مشق-21 میں شریک ممالک کے بینڈز نے متاثرکن انٹرنیشنل بینڈز ڈسپلے پیش کیا جس کا مقصد مختلف اقوام کو ثقافت کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ قریب لانا ہے۔ سری لنکا کے ملٹری بینڈ، پاکستان کی تینوں افواج پر مشتمل بینڈ، سندھ رینجرز کے بینڈ اور کوسٹ گارڈ کے بینڈ نے روایتی اور ملٹری دھنیں بجائیں۔ ان مسحورکن دھنوں کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔ پاک میرین کی خصوصی رائفل ڈرل بھی اس سرگرمی کا حصہ تھی جس کے دوران مہارتوں و صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کی سپیشل آپریشنز فورسز کا انسدادِ ہشت گردی آپریشن طاقت اور خصوصی مہارتوں کا قابل رشک مظاہرہ تھا جس کا مقصد میری ٹائم دہشت گردی کا مقابلہ، سپیشل آپریٹنگ لائحہ عمل کو مزید بہتر بنانا، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا تبادلہ اور مشق میں شریک سپیشل آپریشن فورسز ٹیموں کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ تھا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، جنرل ندیم رضا نے شرکاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ بحری مشق امن-21 بحری دہشت گردی اور جرائم کے خلاف متحدہ عزم، مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافے، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مندوبین کی ایک کثیر تعداد، غیر ملکی سفرائ، مشق میں شریک بحری افواج کے آفیسرز و سیلرز اور پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے اور بحری دہشت گردی کے انسدادکے مظاہرے کو دیکھا۔ کثیرالملکی بحری مشق امن-21کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اْردن کی نیول فورس کے کمانڈرکرنل ہشام خلیل مبارک الجراح، کمانڈر جبوتی کوسٹ گارڈکرنل ویس عمار بوگرے، ڈپٹی چیف آف رشین نیوی ہیڈکوارٹر ریئر ایڈمرل اولیگ اپیشیو، سری لنکن نیوی کے فلیٹ آفیسر کمانڈنگ ریئر ایڈمرل وائی ایم جی بی جے تھیلا کاور ڈپٹی کمانڈر یو ایس نیوسینٹ ریئر ایڈمرل کرٹ رینشاسے ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز ایسٹرن فلیٹ ریئر ایڈمرل احمد بن محمد، برازیل سرفیس فلیٹ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل روگیریو ڈا روچانے بھی سربراہ پاک بحریہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران دفاعی اشتراک اور میری ٹائم سکیورٹی کے مختلف اْمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے امن اور میری ٹائم سکیورٹی کیلئے مشترکہ کاوشوں کو مزید تقویت دینے کیلئے مشق میں شرکت پر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ نیول چیف نے خطے کی میری ٹائم سکیورٹی اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔