عوامی شکایات: کارکردگی بہتربنائیں ، 4سیکرٹریوں سمیت سینکڑوں افسروں کو وزیراعظم کا نوٹس

Feb 15, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے سرکاری افسروں کی طرف سے عوامی شکایات کو بروقت حل نہ کرنے پر سخت نوٹس لیا ہے اور غیر سنجیدہ اور موثر کارکردگی نہ دکھانے والے سرکاری افسروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے ماتحت 1586 افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال مکمل کر لی ہے اور وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 263 افسروں کو کارکردگی کی بنیاد پر وارننگ، 7 سرکاری افسروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے 833 افسروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 111 افسروں سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ 403 سرکاری افسروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سیکرٹری اطلاعات، زراعت، ایکسائز اور سیکرٹری آبپاشی کو کارکردگی بہتر کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کے دوران سرکاری افسروں کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا تھا۔ وفاقی وزرا نے بھی بیوروکریسی کے غیر سنجیدہ رویے کی شکایت کی تھی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے لاہور، گجرات، شیخو پورہ سمیت پنجاب کے 20 ڈپٹی کمشنرز کو مراسلے جاری کئے گئے ہیں جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسران عوام کوبہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ رائیونڈ، لیہ، جھنگ، بوریوالا، صادق آباد، ننکانہ صاحب، پنڈی گھیب سمیت 43 اسسٹنٹ کمشنرز کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ وارننگ لیٹر جاری کرنے کا مقصد تمام افسران کو تنبیہ کرنا ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کے وژن کے مطابق عوام کو سہولیات مہیا کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سینکڑوں افسروں کو وزیراعظم نے کارکردگی بہتر بنانے کا نوٹس دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے اگست تک ایک ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کردیا اور چاروں صوبوں میں شجرکاری مہم کے دوران خود حصہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ذرا ئع کے مطابق موجودہ حکومت اب تک 70کروڑ پودے پہلے ہی لگا چکی ہے، شجر کاری مہم میں 35کروڑپودے فروری سے اگست تک لگائے جائیں گے۔ عمران خان ہفتہ وار ایک ایک صوبے میں شجر کاری کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے شیڈول ترتیب دیدیا، عمران خان جلد سندھ میں مینگروز سے متعلق تقریب میں شریک ہوں گے۔ پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان زیتون کی شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے۔ جبکہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور جی بی میں آب و ہوا کی مناسبت سے پودے لگائے جائیں گے۔

مزیدخبریں