اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات 16فروری سے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ اوگرا نے سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی۔ جس میں پٹرول ساڑھے 8روپے فی لٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح سمری میں ڈیزل کو ساڑھے 5روپے فی لٹر مہنگا کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے اضافے کی ورکنگ موجودہ لیوی کی بنیاد پر کی ہے۔ اگر وفاقی حکومت نے لیوی بڑھائی تو اضافہ اس سے زیادہ بنے گا تاہم پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں مزید کمی کے امکانات کم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ جس کا باضابطہ اعلان آج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق روس اور یوکرائن کشیدگی سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اثر پاکستان میں تیل کی قیمتوں پر بھی ہو سکتا ہے۔ ایشیائی منڈیوں میں دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 96 ڈالر اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔