لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑی 16فروری کو کراچی میں رپورٹ کرینگے جبکہ 17 فروری کو ٹریننگ کا آغاز ہو گا۔سکواڈ میں شامل پاکستان سپر لیگ کا حصہ نہ ہونے والے کھلاڑی نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرینگے اور پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑی فارغ ہونے پر کیمپ جوائن کرتے جائیں گے۔ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑی 23 فروری کو اسلام آباد جائیں گے جبکہ 24 سے 26 فروری آئسولیشن کریں گے اور پنڈی سٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز 27 فروری سے ہو گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ شان ٹیٹ ٹیسٹ سکواڈ کا ٹریننگ کیمپ تاخیر سے جوائن کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شان ٹیٹ کے ویزا اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، سفری دستاویزات جلد مکمل ہونے پر وہ کراچی میں تاخیر سے کیمپ میں آئیں گے۔