لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا کہتے ہیں کہ قلندرز کے پرستاروں کا مشکور ہوں، ٹیم ہارتی رہی لیکن ان کی اپنی ٹیم سے محبت کم نہیں ہوئی۔ ہم نے جو محنت کی تھی اس کا پھل مل رہا ہے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا، باصلاحیت کرکٹرز کو کھیل کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ لاکھوں پلیئرز کے ٹرائلز کیے، کئی نئے کھلاڑی پاکستان کو دیے۔ شاہین آفریدی آئی سی سی کا سب سے معتبر ایوارڈ حاصل کرنیوالے پہلے پاکستانی بنے، کامران غلام سب کے سامنے ہیں، عبداللہ شفیق اوپن کر رہے ہیں۔ پاکستان کو نئے کھلاڑی دیئے، پاکستان کرکٹ کی اکانومی کو مضبوط بنائیں گے۔ پاکستان کرکٹ مالی طور پر جتنا مضبوط ہو گی اتنا ہی کھیل فروغ پائیگا۔ پاکستان میں فرنچائز کرکٹ کا بالکل نئی ہے لیکن خوشی ہے کہ اس مختصر وقت میں ہم نے کئی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہمارے سفر کا آغاز اور بنیاد انصاف اور ملک کی خدمت تھی۔ قلندرز کے پلیٹ فارم سے کھیلنے والوں کی مثال سب کے سامنے ہے۔ ملکی کرکٹ کے لیے جو کچھ کر سکے وہ ضرور کریں گے ۔