بھٹ شاہ (نامہ نگار) سندھ حکومت اور محکمہ اوقاف کی نگرانی میں بھٹ شاہ میں عظیم صوفی شاعر بزرگ حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کی درگاہ پر کئی ماہ سے جاری نئے مسافر خانے بنانے کا ترقیاتی کام ٹھیکیدار کی نااہلی کی وجہ سے التواء کا شکار ہے جس کی وجہ سے درگاہ پر آنے والے زائرین و عقیدت مندوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری طرف درگاہ کے ترقیاتی کام میں ٹھیکیدار کی طرف سے ناقص غیر معیاری میٹریل بھی استعمال کیا جارہاہے مسافر خانے کا پرانا میٹریل بھی زرائع کے مطابق گم کردیا گیا ہے جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے سریے اور سیمنٹ ہلکے قسم کی استعمال کی جارہی ہے ۔درگاہ کے عقیدت مند زائرین اور شہریوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ صوبائی مشیر اوقاف فیاض احمد بٹ چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف حیدرآباد سندھ زاہد حسین شرکمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید مرتضیٰ علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ درگاہ حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار کا ترقیاتی کام جلد از جلد شروع کیا جائے اور درگاہ کے ترقیاتی کام میں ٹھیکیدار کی طرف سے ناقص غیر معیاری میٹریل استعمال کرنے کی انکوائری کی جائے۔