بلاول بیٹا تیاری کر لو لاڑکانہ جلسہ میں سوالوں کو جواب دوں گا:شاہ محمود

Feb 15, 2022


ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ26 فروری کوسندھ کی طرف لانگ مارچ کی میں خود قیادت کروں گا۔ تحریک انصاف سندھ میں داخل ہو رہی ہے، ہم سندھ کے حقوق کا تحفظ کرنے نکلے ہیں،سندھ میں قابض لٹیروں کو بھگائیں گے۔ بلاول بیٹا تیاری کر لو میں لاڑکانہ آ رہا ہوں، تمہارے سوالوں کا جواب نوڈیروں اور لاڑکانہ جلسے میں دوں گا۔ن لیگ جن کو دھاندلی کی پیدوار کہتی تھی آج ان کے پاس عدم اعتماد کیلئے مدد کی درخواست کرکے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے منشور کی نفی کر دی۔ تحریک انصاف کے حلیفوں سے ان کا رابطہ کرنا ان کے دعوؤ ں کے برعکس ہے۔تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق ہے لیکن ہم اپوزیشن کا بھرپور سیاسی مقابلہ کریں گے۔ مجھے یقین ہے اپوزیشن کو شکست ہوگی۔پی پی ن لیگ کا بیانیہ ختم ہو چکا ہے۔ دونوں جماعتوں میں یکسوئی نہیں پائی جاتی،اپوزیشن تقسیم ہے ن لیگ میں بھی دو دھڑے ہیں، پیپلز پارٹی انتخاب نہیں چاہتی جبکہ ن لیگ انتخابات چاہتی ہے پیپلز پارٹی عدم اعتماد چاہتی ہے۔چودھری برادران واضح دار لوگ ہیں۔ کوئی کہے کہ میں عیادت کے لئے آنا چاہتا ہوں تو کوئی منع تھوڑی کرے گا، چوہدری برادران نے ویلکم کیا،ووٹ کا وعدہ نہیں کیا،جن کا پیٹ چاک کرکے پیسہ نکالنے کا بیان دیتے تھے آج ان سے بغل گیر ہو رہے ہیں۔مہنگی بجلی کے معاہدے ن لیگ کے دورہ حکومت میں کئے گئے جن کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔انڈیا میں حجاب کے معاملے پر آواز بلند کرنے پر مسلم امہ کی بیٹی مسکان کو خراج تحسین پیش کروں گا جس نے پرتشدد ہجوم کے سامنے اللہ اکبر کے نعرے بلند کیے۔ اورہندوستان کا مسخ شدہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شاہ رکن عالم کالونی ملتان میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام پارکوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اخترانصاری‘ چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ‘ بابر شاہ‘ منور قریشی سمیت پی ٹی آئی کارکنو ں اور شہریوں کی کثیر تعداداس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے نئے معیارمتعین کیے ہیں تاکہ ہر وزارت اپنی کارکردگی کا عملی مظاہرہ کرے، وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کی کئی بار تعریف کی، ۔ دفترخارجہ نے افغانستان میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے جو کردار ادا کیا ساری دنیا اس کی تعریف کررہی ہے،امریکہ نے بھی پاکستان کے حق میں بیان دیا ہے۔وزیرخارجہ نے بتایا کہ 23مارچ کو قومی پریڈمیں اس مرتبہ تمام مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوں گے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر شپ کے انتخابات کے نتیجے میں مولانا صاحب کو واضح اشارہ مل گیا ہے۔تحریک عدم اعتماد بھی اسی طرح ناکام ہوگی۔انہوں نے کہا تلمبہ میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شہری کی ہلاکت کاواقعہ قابل مذمت ہے،اس شخص کو پولیس کے حوالے کیاجانا چاہیے تھا،میری اس حوالے سے کمشنر ملتان اور آر پی او ملتان سے بات ہوئی ہے اس کیس میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔نجی چینل کی بندش کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ صحافت اور غلاظت میں فرق ہے۔اینکرکے خلاف نجی چینل کو خود ایکشن لینا چاہیے۔قبل ازیں این اے 156 میں کھجی گرؤنڈ پارک،عثمانیہ پارک اور عمر پارک کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان میں چڑیا گھر کے قیام کیلئے اقدامات کریں گے پی ایچ اے ملتان پارکوں اور گرین بیلٹس پر شجرکاری مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔شہر میں نئے پارکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود پارکوں کی بحالی کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ شجر کاری مہم تیزی سے جاری ہے۔شاہ رکن عالم اور نیو ملتان میں نئے پارکوں کی تعمیر اور بحالی پر ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ایم پی اے جاوید اختر انصاری نے کہا کہ علاقے میں نئے پارکوں کی تعمیر اور بحالی سے مثبت سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے پودے لگائے اور ملکی سلامتی کی دعا بھی کی۔قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصروف دن گزارا۔ انہوں نے چوک قذافی پر نجی کار شورم کا افتتاح کیا۔ یوسی 14 میں دیرینہ سپورٹر حاجی عبدالقیوم لودھی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ یوسی 39 گراس منڈی میں نوجوان ورکر تحریک انصاف مشتاق قریشی کی ناگہانی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ یوسی 39 میں دل نواز جانگلہ مرحوم کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ سابق ڈائریکٹر ہیلتھ سید سیدین نقوی کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے ان کے چھوٹے بھائی پروفیسر ڈاکٹر عباس نقوی کی ترقی پر مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سابقہ ناظم ڈاکٹر علی اکبر انصاری (مرحوم) کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن کو خود اپنے فیصلے پر اعتماد نہیں یہ تحریک عدم اعتماد کہاں سے لائیں گے پیپلز پارٹی ابھی انتخابات کیلئے تیار نہیں ہے، مسلم لیگ ن  دو حصوں میں تقسیم ہے،ایک حصہ فوری انتخابات چاہتا ہے جسکی نمائندگی محترمہ مریم نواز صاحبہ کرتی ہیں جبکہ دوسرا حصہ عدم اعتماد کیلئے کچھ قائل دکھائی دیتا ہے جسکی نمائندگی قائد حزب اختلاف  شہباز شریف کر رہے ہیں، ابھی ان کے اپنے پارلیمینٹیرینز ہی قائل نہیں ہیں، یہ نمبرز پورے کرنے کیلئے  رابطے کر رہے ہیں، ابھی انہوں نے ق لیگ کے رہنماؤں سے رابطہ کیا کہ تیمارداری کیلئے آنا چاہتے ہیں ،وہ وضع دار لوگ ہیں،انہوں نے آنے والوں کو عزت  دی، بٹھایا اور رخصت کیا لیکن ووٹوں کا وعدہ نہیں کیا، مونس الٰہی کا بیان ذومعنی ہے درپردہ انہوں نے کہہ دیا کہ" وہ آئے، بیٹھے، چائے پی اور رخصت ہو گئے، مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ نون لیگ کے بیانیے کو  نقصان پہنچا- نون کا بیانیہ دفن ہو گیا۔

مزیدخبریں