ویلنٹائن ڈے پر بے حیائی مسلم معاشرے کے خلاف ہے ۔ سیدمبشر قادری

کراچی (سٹی نیوز) انجمن ضیاء طیبہ کے مرکزی چیئرمین و ممتاز اسلامی اسکالر سید مبشر اللہ رکھا قادری ضیائی نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے کی اسلام میں نہ کوئی حقیقت ہے اور نہ کسی طور پر جائز ہے ، مسلمانوں میں جذبہ ایمانی کو ختم کرنے کے لئے مغرب مختلف انداز میں کوشش کرتا رہا ہے، کبھی بے حیائی اور بے پردگی کو عام کر کے ہماری اخلاقیات کو تباہ کرتے ہیں جو کبھی سود کی لعنت کو عام کر کے ہمیں معاشی طور پر دیوالیہ کر رہے ہیں ، کبھی ہمارے دلوں سے محبت رسول ﷺ کو نکالنے کی کوشش کرتے ہیں تو کبھی زر، زن، زمین کے نشے میں بدمست ہو کر ہمیں بے لگام بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور کبھی محبت رسول ﷺ مسلمانوں کے دلوں سے نکالنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچایا جائے اور انہیں اسلام کی آفاقی منزل سے بھٹکایا جائے، مگر غیور مسلمان جاگ رہے ہیں اور مغرب اور کفار کی ایسی ناپاک کوششوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ممتاز اسلامی اسکالر مبشر قادری نے مزید کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے کے نام نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے بے پردگی اور بے حیائی مسلم معاشرے کے لئے زہر قاتل ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مدینے کی ریاست کا نعرہ لگانے والے ملک میں ایسی خلاف اسلام ، خرافات کی سرکاری سطح پر روک تھام کیوں نہیں کرتے، مسلم ملکوں میں اغیار اور کفار کے رسم و رواج کی کوئی گنجائش نہیں ، جسے مسلمان معاشرے میں پروان چڑھنے نہیں دیں گے اور نوجوانوں کو خلاف اسلام کاموں سے روکیں گے۔ ممتاز اسلامی اسکالر نے مزید کہا کہ مغرب مختلف عنوانات پر مسلمانوں کے دلوں سے محبت رسول ﷺ نکال کر مختلف قسم کی دنیاوی محبت ڈال کر ہمیں راہ حق سے بھٹکانا چاہتے ہیں جس میں وہ یقینا ناکام ہوگا ۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے دعوت دی کہ آئو محبت کرو تو قرآن اور صاحب قرآن سے کرو ، خلفائے راشدین ، صحابہ اکرام، اولیاء اللہ، بزرگان دین سے کرو ، اپنے اساتذہ والدین اور اپنے وطن سے کرو اسی میں ہماری بقاء ہے اور یہی ترقی کا روشن راستہ ہے۔ ہمیں نیکیوں کو عام کرنا ہے اور برائی کے خلاف جہاد کرنا ہے ، مسلم نوجوانوں تمہارا کردار بڑا ہے، تمہاری ذمہ داری بڑی ہے جسے تم کو پہنچاننا ہوگا ۔ آپ اسلام کے سپاہی ہو آپ نے اپنی قوت اور صلاحیتوں کو ایمان کی طاقت سے آگے بڑھنا ہوگا اور اسلام کا آفاقی پیغام کو دنیا میں روشناس کرانا ہوگا۔ اور اپنی تمام تر توانائی اور صلاحیتیں صرف اور صرف اسلام کی بالادستی کیلئے وقف کرنا ہوگی ۔ اسی میں ہماری ترقی ہے اسی میں ہماری بقاء ہے اور یہی نجات کا راستہ ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن