کراچی (سٹی نیوز) محبان پاکستان فائونڈیشن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر بہاری برادری کے شناختی کارڈ کے حصول میں بے قاعدگیاں اور بے جا نادرا کی جانب سے لوگوں کے شناختی کارڈ پر قدغن لگانے پر گذشتہ روز احتجاج کیا گیا جس سے محبان پاکستان فائونڈیشن کے سربراہ ممتاز انصاری نے کہاکہ بھائی یہ مسئلہ اگر گورنمنٹ حل نہیں کرتی ہے تو آئندہ ہم نادرا آفس کا گھرائو کرینگے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) ضلع ملیر کے صدر فیروز خان نے کہا کہ بہاریوں نے 1947ء میں ملک بنانے اور 1971 ء میں ملک بچانے میں بھی بھرپور قربانیاں دیں اور پاکستانی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ جنگ لڑی ۔ بہاری قوم کی اس سے بڑھ کر اور کیا قربانی ہوسکتی ہے کہ 1971ء میں لاکھوں جانوں کی قربانی دی اس کے باجود نادرا والے شہریت کے حصول کیلئے ناروا سلوک رکھتے ہوئے بہاریوں سے پاکستانی ہونے کا ثبوت مانگتے ہیں۔ بہاریوں سے بڑھ کر کسی قوم نے اتنی قربانی ملک کے لئے نہیں دی جنہوں نے جان و مال کا نذرانہ پیش کیا ہو ۔ حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ بہاریوں کے شناختی کارڈ جو روکے ہوئے ہیں ان کو فوری جاری کیا جائے ۔ اس موقع پر PTI کے رہنماء ڈاکٹر شکیل ، بہاری قومی موومنٹ کے کامران علی نے بھی خطاب کیا جبکہ انظار میڈیکل ، کاشف، اسلام، شاہد ، فرحان اور بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔