صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت مسلمانوں کو مظلوم اقلیت میں تبدیل کر رہا ہے اور بڑے پیمانے پر نسل کشی کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ دوسری جانب چین نے لداح کے مزید علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا۔ بی جے پی کے سربراہ نے تصدیق کردی۔
مسلمان دشمنی میں بھارت تمام حدیں عبور کر چکا ہے وہ کشمیر یوں اور بھارت میں مسلمانوں کے بنیادی حقوق ہی سلب نہیں کر رہا بلکہ دھڑلے سے انکی نسل کشی بھی کررہا ہے۔ مودی سرکار کے اس جنونی اقدام کیخلاف دنیا بھر میں اور بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ اس وقت پورا بھارت عملاً مودی کے ہاتھوں یرغمال بنا نظر رآہا ہے اور اسکے ہر شہر میں خوف کی کیفیت طاری ہے۔ بھارت کے یہ بے رحم ہاتھ صرف کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں تک ہی محدود نہیں بلکہ وہ پاکستان میں بھی دہشتگردی کے تانے بانے بنتا رہتا ہے۔ اس نے پاکستان کے ساتھ ساتھ چین کے ساتھ بھی مخاصمت جاری رکھی ہوئی ہے۔گزشتہ روز بھارت کو چین کے ہاتھوں لداخ میں ایک بار پھر پسپائی کا سامنا کرنا پڑا ۔ چین نے لداخ کے مزید علاقے پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔ اس پسپائی کی تصدیق بی جے پی کونسل کے سربراہ نے بھی کر دی ہے۔ بھارت کا یہ جنون خطہ کے امن کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے جس کا عالمی طاقتوں کو بھی بخوبی ادراک ہے۔ اگر بھارت کی ہندو انتہاء پسندی کو نہ روکا گیا تو وہ خطے میں کسی بڑی تباہی کی نوبت لا سکتا ہے۔ اس تناظر میں پاکستان اور چین اپنے دفاع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے ایک دوسرے کے دفاع کیلئے یکجہت ہیں۔ عالمی برادری کو اپنی خاموشی توڑ کر بھارتی جارحیت کیخلاف عملی اقدامات کرنے چاہئیں اور بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرانی چاہیے۔