درسِ ہدایت

حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی ؒ کی تحریر فرماتے ہیں ۔حضرت خواجہ معین الدین اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوا، چھ درویشِ سمر قندکی جانب سے آکر آپکی خدمت میں بیٹھے ہوئے تھے، مولانا بہائو الدین بخاری جو آپ کے زیر تربیت تھے وہ بھی موقع پر موجود تھے، پھر شیخ اوحدالدین کرمانی بھی مجلس میں آکر بیٹھ گئے ۔اس وقت محفل میں گفتگو اس بارے میں ہورہی تھی کہ فرض نماز میں اس قدر تاخیر کی جائے کہ اس کا وقت ہی گزر جائے اورقضاء کرکے اداکی جائے، تو اس پر خواجہ معین الدین ؒ نے ارشادفرمایا :’’ان مسلمانوں کے کیا کہنے ہیں جو بر وقت نماز ادا نہیں کرتے اورتاخیر کردیتے ہیں تاکہ نماز کا وقت گزرجائے ان کی مسلمانی پر بیس ہزار مرتبہ افسوس سے، جو مولاکریم کی بندگی کرنے ہیں تقصیر اورکوتاہی کرتے ہیں‘‘۔٭پھر آپ نے اس موقع محل پر ارشاد فرمایا: میں ایک دفعہ ایک ایسے شہر میں مقیم تھا جہاں کے مسلمانوں کا دستور یہ تھا کہ وہ وقت سے پہلے نماز اداکرنے کیلئے تیار ہوجائے ۔ میں نے ان سے سوال کیا کہ اس میں کیا حکمت ہے کہ تم سب وقت مقررہ سے پہلے ہی نماز کیلئے تیار ہوجاتے ہو؟انہوں نے کہا اس لئے کہ جب وقت نماز آجائے تو فی الفور نماز ادا کرلیں ۔جب پہلے سے تیار نہ ہوںگے تو اندیشہ ہے کہ وقت گزر جائے گا، پھر کل قیامت کے روز کس طرح یہ چہرہ جناب رسالت مآب ﷺ کو دکھا سکیں گے۔ کیا آپ نے یہ فرمان نہیں سنا۔ عجّلو ابالتوبہ قبل الموت وعجلوا بالصلوٰۃ قبل الفوت۔ یعنی موت سے قبل توبہ کیلئے جلدی کرو، اور فوت (قضائ) سے قبل نماز کیلئے جلدی کرو۔٭بعد ازاں صدقے کے بارے میں گفتگو شروع ہوئی تو فرمایا : جو کوئی بھوکے کو کھانا کھلاتا ہے حق تعالیٰ سبحانہٗ قیامت کے روز اسکے اوردوزخ کے درمیان سات پرد ے حائل کردیگا۔ جن میں سے ہر ایک پردہ پانچ سوبرس کی مسافت کے برابر ہوگا۔ ٭پھر کچھ دیر بعد جھوٹ بولنے کے بارے میں گفتگو ہوئی تو فرمایا جس کسی نے جھوٹی قسم کھائی گویا اس نے اپنے گھر بار کو ویران اوربرباد کیا اور خیروبرکت اس گھر سے اٹھا لی گئی۔ ٭کوئی گناہ اس سے بڑھ کر نہیں کہ مسلمان بھائی کو بلاوجہ تکلیف دی جائے (جیسا کہ قرآن پاک میںاس پر شدید وعید آئی ہے)مسلمان بھائی کو ستانا اور اسے رنجیدہ وخاطر کرنا کبیرہ گناہوں میں سے ہے اوراللہ رب العزت اوراس کے پیارے رسول ﷺکی رنجیدگی کا باعث ہے ۔
٭عاجزوں کی فریاد رسی ، حاجت مندوں اوربے چاروں کی حاجت روائی اوربھوکوں کو کھانا کھلانا (ازحد ضروری ہے کہ)خدائے بزرگ وبرتر کے نزدیک اس عمل سے بہتر کوئی اورعمل نہیں ہے۔(دلیل العارفین)

ای پیپر دی نیشن